کراچی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ،سعید غنی

کراچی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں ،سعید غنی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی میں تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اعلیٰ تعلیمی درسگاہوں کے قیام کا سلسلہ جوگذشتہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے شروع کیا تھا اس کا تسلسل آج بھی جاری ہے۔ کراچی میں قانون کی تعلیم کے لئے گذشتہ دور میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کلفٹن میں قائم کی اور اسی نام سے ایک دوسری یونیورسٹی کورنگی میں زیر تعمیر ہے اور اس کا کام تیزی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کورنگی میں زیر تعمیر شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء یونیورسٹی کورنگی کی زیر تعمیر عمارت کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر اور چیف انجنئیرز نے صوبائی وزیر کو زیر تعمیر لاء یونیورسٹی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ صوبائی وزیر سعید غنی نے یونیورسٹی کے تعمیر شدہ اور زیر تعمیر شعبوں کا جائزہ لیا اور وہاں جاری کام کا جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر انہوں نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایات دی کہ یونیورسٹی کو اس کے مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور اگر ہوسکے تو جو شعبہء جات مکمل ہوگئے ہیں ان کو مکمل طور پر فرنسڈ کرکے وہاں کلاسوں کاآغاز کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ 13.50 پر بننے والی اس یونیورسٹی میں مین عمارت کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے جبکہ دیگر شعبہء جات کا 50 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اس منصوبے کی مقررہ 2021 کی تاریخ سے قبل ہی انشاء اللہ اس یونیورسٹی کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ اس یونیورسٹی کی تعمیر شدہ مین عمارت کو اس سال کے آخر تک مکمل کرکے کوشش کی جائے گی کہ یہاں تدریس کا سلسلہ شروع کردیا جائے۔