بز نس کمیونٹی ایوی ایشن انڈسٹری میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے ، سہیل امان
اسلام آباد( آن لائن ) سابق چیف آف ایئرسٹاف سہیل امان نے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں نجی شعبے کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا بزنس کمیونٹی ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری میں جہازوں کے پرزہ جات سمیت متعدد مصنوعات تیار کرنے کی گنجائش پائی جاتی ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کی نجی شعبہ آگے بڑھے اور ایوی ایشن انڈسٹری کے ویلیو بیسڈ پراجیکٹس میں سرمایہ کاری کر کے اس انڈسٹری کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔انہوں نے نجی شعبے کی نچلے درجے کی صنعت کو ایوی ایشن انڈسٹری کے ساتھ منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس سے نہ صرف نجی شعبے کیلئے کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ ایویشن شعبے کی برآمدت کو بھی بہتر فروغ ملے گا۔ سیہل امان نے کہا کہ پاکستان نے اب جدید قسم کے لڑاکا طیارے بنانے پر کام شروع کر دیا ہے جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف 16کی تیاری میں کئی دہائیاں لگی تھیں جبکہ ہماری ٹیم نے عزم طیارے کا ڈیزائزن صرف 2سال میں بنا لیا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ہمارے پاس ایوی ایشن انڈسٹری کے جدید ماہرین موجود ہیں۔انہوں نے اس موقع پر تاجر برادری کو فرینڈز ہسپتال کی غریب عوام کیلئے خدمات کے بارے میں بتایا جس کے وہ سرپرست اعلیٰ بھی ہیں۔ انہوں نے کہا یہ ایک فلاحی ہسپتال ہے جو خاص طور پر غریب عوام کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کر رہا ہے لہذا انہوں نے اس ہسپتال کو مزید وسعت دینے کی کوششوں میں تاجر برادری کا تعاون چاہا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر افتخار انور سیٹھی نے سابق چیف آف ایئر سٹاف سہل امان کی ملک و قوم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایوی ایشن انڈسٹری اور نجی شعبے کا قریبی تعاون انڈسٹری اور معیشت کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایوی ایشن انڈسٹری سمیت ملکی دفاع کو مضبوط کرنے کی کوششوں میں تاجر برادری ہمیشہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ رہے گی۔ انہوں نے اس موقع پر فرینڈز ہسپتال کیلئے ایک خطیر رقم بطور عطیہ دینے کا اعلان کیا اور یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ہسپتال کو وسعت دینے میں تعاون کرے گی۔#/s#