”اسد عمر! تمہاری نئی سازش کا مجھے علم ہو گیا ہے“ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے سرگرم رکن فرحان ورک نے تہلکہ خیز ویڈیو جاری کر دی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سوشل میڈیا ٹیم کے سرگرم رکن فرحان ورک نے دعویٰ کیا ہے کہ اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد پارٹی میں اجارہ داری کیلئے سازشیں شروع کر دی ہیں جبکہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف بھی سازشیں تیار کی جا رہی ہیں۔
سماجی رابطوں پر جاری کئے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں فرحان ورک کا کہنا ہے کہ میں ایک بریکنگ نیوز لے کر آیا ہوں اور اسد عمر کیخلاف جو بات کی تھی وہ بالکل ٹھیک ہے۔ کوئی بھی صحافی اور میڈیا چینل یہ تصدیق کر لے کہ اسد عمر نے کچھ دیر میں کراچی کے بہت سے ایم این ایز، ایم پی ایز اور وفاقی وزراءکیساتھ رابطے کئے ہیں اور اب وہ چاہتے ہیں کہ کسی بھی طرح سے پارٹی میں اجارہ داری قائم کی جائے، عمران خان کیخلاف بھی سازشیں تیار ہو رہی ہیں۔
فرحان ورک کا کہنا ہے کہ اسد عمر سے پوچھیں کہ کیا انہوں نے ایم این ایز، ایم پی ایز اور وفاقی وزراءکیساتھ رابطہ نہیں کیا؟ مجھے بھی کچھ وزراءکی فون کالز آ چکی ہیں، میں عمران خان کا سپاہی ہوں اور ہم کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ عمران خان کو بلیک میل کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کسی بھی لیڈر کی اتنی اوقات نہیں کہ وہ عمران خان کے بغیر وزیر بن سکے، ہم عمران خان کیساتھ کھڑے تھے اور کھڑے رہیں گے، اسد عمر کی تمام کوششیں ناکام ہوں گی کیونکہ عمران خان کیخلاف کچھ کرنے کیلئے پہلے آپ کو مجھ سے ہو کر گزرنا پڑے گا۔
۔۔۔ویڈیو دیکھیں۔۔۔