امریکہ کی بھارت کو میزائلوں کی فروخت تشویشناک ہے، جاوید قصوری

        امریکہ کی بھارت کو میزائلوں کی فروخت تشویشناک ہے، جاوید قصوری

  

الاہور (پ ر)امیرجماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ ایک طرف کرونا کے باعث دنیا بھرمیں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد میں مسلسل خوفناک حد تک اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف امریکہ کی بھارت کوہارپون میزائلوں کی فروخت انتہائی تشویشناک ہے۔ امریکہ کے اس اقدام سے جنوبی ایشیا کا خطہ عدم استحکام کا شکار ہوگا۔ بھارت ان ہتھیاروں کا استعمال مقبوضہ کشمیر میں کرسکتا ہے۔ عالمی برادری اس کا فوری نوٹس لے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 9ماہ سے کرفیو لگا رکھا ہے۔ نہتے کشمیری مسلمان گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ انہیں خوراک اور طبی امداد کچھ بھی میسر نہیں۔دنیا کو لاک ڈاؤں کی آزمائش میں کشمیریوں کی مشکلات کا بھی احساس کرنا چاہیے۔ وہاں پر انسانی زندگی آزادی سے محروم اور مودی کے ظلم وستم کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق حکومتی اقدامات ابہام کا شکار ہیں۔ خود وزیر اعظم عمران خان لوگوں میں خوف و ہراس پھیلارہے ہیں۔ ملک میں 40لاکھ افراد غربت کی انتہائی نچلی سطح پر جاچکے ہیں۔ بات اب متوسط طبقے تک پہنچ چکی ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان نے موجودہ صورت حال میں تاریخ رقم کی ہے۔ مخالفین بھی اس بات کے معترف ہورہے ہیں۔ الحمد للہ، جماعت اسلامی اور الخدمت کے ہزاروں رضا کار مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مساجد گلی، محلوں کے ساتھ مندروں، گردواروں، چرچز میں بھی سپرے کیے جارہے ہیں۔ ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف، نرسز،پولیس اہلکاروں اور صحافیوں میں بڑے پیمانے پر حفاظتی کٹس تقسیم کی جارہی ہیں۔ جماعت اسلامی اور الخدمت اب تک ایک ارب روپے سے زائد ریلیف سرگرمیوں پر خرچ کرچکی ہے۔ مخیر افراد اس کار خیر میں زیادہ سے زیادہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -