وفاقی حکومت سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرے، پیر اعجاز ہاشمی

    وفاقی حکومت سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرے، پیر اعجاز ہاشمی

  

لاہور (پ ر) جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر اور نائب صدر متحدہ مجلس عمل پیرا عجازاحمد ہاشمی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو فتح کرنے کی بجائے آئین اور قانون کے مطابق شائستگی کا مظاہرہ کرے۔ افسوس ہے کہ وزیراعظم روزانہ اپنے میڈیامشیروں کا اجلاس بلا کر حکومت سندھ اور پوزیشن کو دبانے کے احکامات جاری کرتے ہیں۔حالانکہ عمران خان کو چاہیے کہ وہ اپنے فائر برانڈ وزیروں کو شائستگی کی ہدایت کریں اور سندھ فتح کرنے کا ارادہ ترک کرکے کرونا وائرس پر توجہ دیں اور چینی آٹا بحران کے ذمہ داروں کو نیب کے حوالے کریں۔

جے یو پی میڈیا ٹیم سے گفتگو میں پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ وفاق صوبوں پر مشتمل ہے، اس لئے وفاقی حکومت وفاقی اکائیوں کی خودمختاری اور ضروریات کا خیال رکھے۔ لیکن افسوس وفاقی وزراء فیصل ووڈا، علی رضا زیدی، مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان اور پی ٹی آئی کے رہنما جس طرح کے اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں، انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔کورونا وائرس پر پارٹی سیاست سے بالاتر ہوکر جذبے کے ساتھ عوامی خدمت کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔افسوسناک بات یہ بھی ہے کہ ابھی تک حکومت خود ابہام کا شکار اور اسے معلوم ہی نہیں کہ کرنا کیا ہے۔کبھی وزیر اعظم کہتے ہیں کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد50 ہزار ہوجائے گی۔ ا ب 15 مئی کی تاریخ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں سندھ حکومت ہی تو ہے جس نے واقعی تیزی سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لئے کام کیا مگر وفاق کی طرف سے تعریف کی بجائے سندھ پر چڑھائی کی جارہی ہے، ایسے منفی رویوں کا نقصان وفاق پاکستان اورجمہوری سیاست کوہو گا۔پیر اعجاز ہاشمی نے حیرت کا اظہار کیا کہ موجودہ حکمرانوں کو اٹھارہویں ترمیم میں دی گئی صوبائی خودمختاری ہضم نہیں ہو رہی ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -