کرفیو پاس 21 اپریل سے منسوخ ہوجائیں گے،سعودی وزارت داخلہ

  کرفیو پاس 21 اپریل سے منسوخ ہوجائیں گے،سعودی وزارت داخلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ریاض (اے پی پی) سعودی عرب میں کورونا وائرس کے باعث کرفیو کے دوران آمدورفت کے لیے استعمال ہونے والے پاس منگل 21 اپریل سے منسوخ ہوجائیں گے جس کے بعد یکساں سینٹر لائز پاسز ہی کارآمد ہوں گے۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے کرفیو پاسز کے بارے میں جاری ہونے والے بیان کے حوالے سے ملک بھر کی سطح پر یکساں ڈیجیٹل پاسز ہی کارآمد ہوں گے جن اداروں نے اپنے کارکنوں کے سینٹر لائز حاصل نہیں کیے وہ منگل 21 اپریل تک حاصل کرلیں، ملک بھر میں یکساں پاسزکا اجراء وزارت داخلہ کی منظوری سے کیاجائے گا۔ یکساں پاسز کا مقصد معاملات کومنظم کرنا ہے تاکہ جاری ہونے والے کرفیو پاسز کے اعداد وشمار ادارے کے پاس موجود ہوں۔واضح رہے کہ دنیا میں دیگر ممالک کی طرح سعودی عرب میں بھی کورونا وائرس کے حوالے سے پورے ملک میں کرفیو نافذ ہے جبکہ جدہ سمیت ملک کے 9 شہروں میں 24 گھنٹے کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے جہاں مختلف علاقوں میں رہنے والوں کا رابطہ دوسرے علاقوں کے لوگوں سے بھی منقطع کر کے انہیں سیل کر دیا گیاہے تاکہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے۔
اشیائے خوردونوش کی ترسیل اور اہم امورکی انجام دہی کے لیے کارکنوں کو کرفیو کے دوران نقل و حرکت کے خصوصی پاسز جاری کیے جاتے ہیں۔میڈیا سے متعلق افراد کے لیے کرفیو پاس ادارے کے لیٹرپیڈ پر ہی جاری ہوتا تھا جسے وزارت اطلاعات کے ذیلی دفتر بعدازاں علاقے کے تھانے سے تصدیق کرایا جاتا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے یکساں پاسز کا طریقہ کار صرف ریاض اور مکہ مکرمہ میں تجرباتی طور پر متعارف کرایا گیا تھا جس کے بعد اسے پورے ملک میں نافذ کیا جارہا ہے۔ وزارت داخلہ نے یکساں کرفیو پاسز کے لیے 21 اپریل 2020ء کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔

مزید :

علاقائی -