پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کی ہفتہ وارکارکردگی رپورٹ جاری
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کی گزشتہ ہفتہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر نے بتایا کہ امن و امان کے قیام اور عوام میں احساس تحفظ پیدا کرنے کے لیے عملی اقدامات کئے گئے۔احساس کفالت سنٹر اور قرنطینہ سنٹرز سمیت دیگر اہم سکیورٹی پوائنٹس پر روزانہ 127 سے زائد پلاٹون روانہ کی گئیں۔ لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کیلئے شہر کی مختلف شاہراہوں اور داخلی و خارجی ناکہ جات پر روزانہ کی بنیاد پر 280 سے زائد اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں مستحقین کیلئے راشن بیگز کی تیاری کا عمل جاری ہے۔جوڈیشل ونگ نے 30 قیدیوں کوسخت سکیورٹی میں ڈسٹرکٹ جیل لاہور سے ضلع قصور منتقل کیا۔اہم شخصیات اور سینئر پولیس افسران کے ساتھ تعینات ہونے والے پولیس کمانڈوز کی فائر پریکٹس کے دوران 12 بور شارٹ گن کے 5،5 راونڈ فائر کروائے گئے۔
پولیس لائنز میں جراثیم کش ادویات کا سپرے کے ساتھ ساتھ تمام سٹاف میں سیفٹی ماسک اور ہینڈ گلوز تقسیم کئے گئے۔پولیس لائنز میں داخلے سے قبل تمام پولیس افسران و اہلکاروں کا تھرمل گن کے ذریعے ٹمپریچر چیک کیا جا رہا ہے۔فیلڈ ڈیوٹی خاص طور پر ناکہ جات پر تعینات اہلکاروں میں حفاظتی کٹس، ہینڈگلوز، ماسک اور سینی ٹائزرز تقیسم کئے گئے۔