قرضے معاف کروا کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا،شیخ رشید
لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آٹا، چینی بحران پر فرانزک رپورٹ میں 25اپریل سے پانچ، دس روز تاخیر ہو سکتی ہے مگر اس کا آنا اٹل ہے، لنگڑی لولی اپوزیشن صرف لیپ ٹاپس کے آگے بیٹھی ہے،کرپشن کیسز میں اور بڑے منی لانڈرز میں سے ایک بھی جیل میں نہیں صرف غریب آدمی جیل میں ہے، اومنی گروپ سے لے کر آصف زرداری تک سب ضمانت پر ہیں لیکن غریب کی ضمانت نہیں،وزیر اعظم عمران خان نے دنیا سے قرضے معاف کرا کے ملک ڈیفالٹ ہونے بچایا۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے ریلوے کو دیئے گئے3ہزار راشن بیگ میں سے 1ہزار راشن بیگ لاہور ریلوے اسٹیشن پر قلیوں، واشنگ لائن اور سینٹری ملازمین میں تقسیم کرنے کی تقریب کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ رشید نے کہا کہ میں ریلوے قلیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم قلیوں کو 12ہزار روپے دلوانے کے لیے پوری کوشش کررہے ہیں۔ وزیراعظم کے موقف کا حامی ہوں کہ لاک ڈاؤن میں غریب آدمی بھوک سے نہ مرے، غریب آدمی کو تو راشن مل رہا ہے لیکن اصل مسئلہ سفید پوش طبقے کا ہے جس کے پاس روزگار نہیں ہے لیکن وہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلانا اپنی توہین سمجھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب سے دفعہ 144 کے تحت گرفتار افراد رہا کرائے ہیں۔ بلوچستان بھی دفعہ 144 کے تحت گرفتار افراد کو رہا کرے،وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ سے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری اور دفعہ144کی خلاف ورزی پر گرفتار افراد کی رہائی کی درخواست کی ہے، وہاں 4200 افراد گرفتار ہیں، ماں، بہن، بیٹی کے بیمار ہونے پر کیا کوئی باہر نہ نکلے۔شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف میرا دوست ہے، ابھی پیشی سے بچ گیا ہے، روزے گھر میں رکھے اور سکون سے رہے، شہباز شریف لیپ ٹاپ کے آگے بیٹھے ہیں بلکہ پوری لنگڑی لولی اپوزیشن لیپ ٹاپس کے آگے بیٹھی ہے۔
شیخ رشید