فیڈرل سیکرٹریٹ کے 4 محکمے دوسری وزارتوں اور ڈویژنز کو منتقل ہوگئے

  فیڈرل سیکرٹریٹ کے 4 محکمے دوسری وزارتوں اور ڈویژنز کو منتقل ہوگئے

  

اسلام آباد(آن لائن)وفاقی حکومت نے فیڈرل سیکرٹریٹ کے 4 محکموں کے انتظامی امور دیگر وزارتوں اور ڈویژنز کو منتقل کر دیئے ہیں۔ وفاقی کابینہ سے منظور ی ملنے کے بعد کابینہ ڈویژن نے باضابطہ میمورنڈم بھی جاری کر دیا ہے جس کے مطابق نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی فیصل آباد کا انتظام وزارت تجارت سے وفاقی وزارت تعلیم کو منتقل کردیا گیا ہے جبکہ ڈیپارٹمنٹ آف ایکسپلوسیو کا انتظام وزارتِ صنعت سے پیٹرولیم ڈویژن کو منتقل کیا گیا ہے۔ نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹس کا کنٹرول وزارت بین الصوبائی رابطہ سے واپس لیکر قومی ورثہ ڈویژن کو منتقل کیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل اسٹڈیز کا انتظامی کنٹرول وزارتِ اطلاعات ونشریات سے لیکر وزارت خارجہ کو منتقل کردیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزارتوں کے معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے رولزآف بزنس 1973 میں ضرروی تبدیلیاں بھی کی جائیں گی۔پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں اٹھارہویں ترمیم منظور ہونے کے بعد بہت سے محکمے اور ادارے صوبوں اور دیگر وزارتوں کو منتقل کیے گئے تھے مگر ان اداروں کی کارکردگی بہتر نہ ہونے پر موجود ہ حکومت نے انہیں ان وزارتوں اور اداروں کو ہی واپس کرنا شروع کردیا ہے جن کے پاس اٹھارہویں ترمیم سے پہلے ان کا انتظامی کنٹرول تھا۔

محکمے منتقل

مزید :

صفحہ آخر -