شرح سود میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہیں،کارپٹ مینو فیکچرز

شرح سود میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہیں،کارپٹ مینو فیکچرز

  

لاہور(این این آئی)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرزایسوسی ایشن نے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں کمی کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف ممالک اور عالمی مالیاتی اداروں کی جانب سے قرضوں کی وصولی کو موخر کرنا موجودہ حالات میں پاکستان کیلئے بڑا ریلیف ہے،مشکل وقت کو شکست دینے کیلئے ہمیں ایک قوم بننا ہوگا اور معیشت کو فعال کرنے کیلئے تمام شعبے رات دن ایک کر دیں۔ ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اسلم طاہر، کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف، وائس چیئرمین شیخ عامر عزیز، سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک،سینئر ممبر ریاض احمد، سعید خان، اعجا زالرحمان، محمدا کبر ملک، میجر (ر) اختر نذیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ یقینی طور پر مرکزی بینک کے ذمہ داران سوچ بچار کر رہے ہوں گے اور شرح سود میں آنے والے دنوں میں مزید کمی کا امکان ہے جس سے سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہوگا۔ حکومت موجودہ حالات میں سرمایہ کاروں کو تحفظ کی یقین دہانی کرائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کرنے کی طرف راغب ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت برآمدی شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کی مکمل سرپرستی کی جائے کیونکہ امسال برآمدات میں وسیع پیمانے پر کمی متوقع ہے جس سے ہماری معیشت مشکلات کا شکار ہو گی، ری فنڈ کے اجراء میں تیزی لائی جائے اس سے بھی سرمائے کی قلت ختم ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ اس وقت جتنے بھی کاروبار چل رہے ہیں کوشش کر کے ان کا پہیہ رواں دواں رکھا جائے اور کوئی بھی کاروبار بند نہ ہو وگرنہ بیروزگاری کی وجہ سے حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔

مزید :

کامرس -