اللہ تعالیٰ اس وباء سے جلد نجات دلائیگا: مولان حامد الحق حقانی

    اللہ تعالیٰ اس وباء سے جلد نجات دلائیگا: مولان حامد الحق حقانی

  

پبی (نما ئندہ پاکستان)جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ، دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جامعہ دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا حامد الحق حقانی نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اور حکومت کی جانب سے مساجد اور عبادت گاہوں میں تمام تر حفاظتی اقدامات کے ساتھ پنج وقت نماز،نماز جمعہ اور نماز تراویح کی متفقہ اجازت کو ملک و قوم کیلئے خوش آئند قرار دیا ہے۔ مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ ہماری جماعت، مکتبہ فکر اوروفاق المدارس پاکستان نے پہلے ہی سے احتیاطی تدابیر قوم سے اپنائے رکھنے کی تاکید کی تھی اور ہمارا مکتبہ فکر و جماعت تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے ساتھ اس مشکل وقت سے نکلنے کی مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مولانا حقانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کے تمام مساجد اور دینی مدارس کے اساتذہ ائمہ و خطبا کو بھی بغیر کسی امتیازی سلوک کے ریلیف پیکج دیا جائے، قوم کو پریشانی کی اس کیفیت سے نکالنے کے لئے منبر و محراب کے مسند نشین علمائے کرام کا کردار پوری قوم کے سامنے مثبت رہا۔ مولانا حقانی نے کہا کہ دو ماہ سے بند مدارس کے بجلی گیس کے بل حکومت فوری معاف کرے تاکہ ان تعلیمی اداروں پر نئے تعلیمی سال کے آغاز میں بوجھ نہ بن سکے، یہ دینی ادارے ملک میں لاکھوں نوجوانوں کو فری ایجوکیشن دینے میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔مولانا حقانی نے کہاکہ اللہ سے قوی امید ہے کہ وہ عبادات اور توبہ استغفار سے اس کرونا وائرس کی وباء اورمصیبت سے ہمارے ملک و قوم اورپوری انسانیت کو جلد نجات دلائیں گے۔مولانا حقانی نے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام اوردینی و سیاسی جماعتوں کو ملک و قوم کے مفاد میں ثابت قدم رہنے کی اپیل کی۔ مولانا حقانی نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ماہ مقدس رمضان المبارک میں حرمین شریفین کی زیارات اور حج و عمرہ کی عبادات کا سلسلہ دوبارہ شروع ہونے اور بالخصوص اس وبا کے خاتمے کیلئے اللہ سے سربسجود ہوکر دعائیں مانگیں۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -