وسیب کیساتھ ہونیوالے امتیازی سلوک پر خاموش نہیں رہیں گے‘ شوکت مغل

      وسیب کیساتھ ہونیوالے امتیازی سلوک پر خاموش نہیں رہیں گے‘ شوکت مغل

  

ملتان (سٹی رپورٹر)سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر ملتان میں اور لیبارٹریاں دیگر علاقوں میں۔ وسیب کے ساتھ ہونیوالے امتیازی سلوک پر خاموش نہیں رہیں گے۔ سرائیکی (بقیہ نمبر36صفحہ7پر)

صوبے کے مسئلے پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ کورونا آگاہی مہم کے ساتھ ساتھ صوبے اور وسیب کے حقوق کی بات کرتے رہیں گے۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین پروفیسر شوکت مغل نے کورونا آگاہی مہم کے دوران وسیب کے نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا فاصلے دلوں کے فاصلے نہ بڑھا دیں۔ غریبوں کی امداد کیلئے جامع اور یکساں پالیسی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کورونا لاک ڈاؤن کی آڑ لیکر سرائیکی صوبے کے مسئلے کو پس پشت نہ ڈالے اور صوبہ سرائیکستان کیلئے اقدامات کرے۔ پاکستان سرائیکی پارٹی کے چیف آرگنائزر حاجی احمد نواز سومرو نے کہا کہ محمد علی درانی اور طارق بشیر چیمہ کی سازش کو ناکام بنائیں گے اور پورا وسیب صوبے کیلئے متحد ہے۔ سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ نے کہا کہ 80 فیصد مستحقین ابھی تک امداد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کا یہ تسلیم کرنا کہ ملک میں 6 لیبارٹریاں بنی اور سرائیکی وسیب کو ایک بھی نہ دی گئی جبکہ ملک کا سب سے بڑا قرنطینہ سنٹر ملتان میں ہے۔ یہ وسیب کے ساتھ ظلم نہیں تو کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے وزیر خارجہ نے وسیب کے ساتھ ہونیوالے سوتیلی ماں کے سلوک کو تسلیم کیا مگر اُس سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ صوبہ بنوائیں یا استعفیٰ دیکر گھر آجائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج اگر ہمارا صوبہ ہوتا تو ہمیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ کورونا سے فرصت پاتے ہی پورے وسیب میں سرائیکستان یکجہتی کانفرنسیں منعقد کریں گے اور ملتان میں سرائیکی سٹوڈنٹس کنونشن منعقد کیا جائے گا اسی طرح پورے وسیب میں ادبی و ثقافتی تقریبوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ سرائیکستان قومی اتحاد کے رہنما شریف خان لاشاری نے کہا کہ بارشوں سے گندم کی فصل کو بہت نقصان ہوا ہے۔ کسانوں کو سبسڈی دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تھل میں وساکھی میلہ جو کہ کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے ملتوی ہوا ہے لیکن لاک ڈاؤن کی نرمی کے بعد فوراً اُس کا انعقاد ہو گا کہ سرائیکی وسیب کے کاشتکاروں کیلئے یہ خوشی اور عید کا دن ہوتا ہے۔ اس موقع پر سرائیکی سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ملک روشن ضمیر مہوٹہ، جعفر حسین مہوٹہ، ایم رمضان ملتانی، حاجی عید احمد دھریجہ، ندیم خان لاشاری و دیگر نے شرکت کی۔ ریڈیو پاکستان ملتان کی سنگر محترمہ ثوبیہ ملک نے کورونا وائرس کے بارے میں سرائیکی گیت پیش کئے۔ اس موقع پر آنیوالے نوجوانوں کو سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے سرائیکی کتابیں پیش کی گئیں۔

شوکت مغل

مزید :

ملتان صفحہ آخر -