احتیاطی تدابیت کیساتھ مساجد کھولنے کی اجازت خوش آئند ہے: محمد حسین محنتی

    احتیاطی تدابیت کیساتھ مساجد کھولنے کی اجازت خوش آئند ہے: محمد حسین محنتی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ شہید ڈاکٹر عبدالقادر سومرو پوری قوم کے ہیرو ہیں،ان کی دینی، ملی اور انسانیت کیلئے کی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، احتیاطی تدابیر کے ساتھ مساجد کھولنے اور نماز تراویح کی اجازت کا اعلان خوش آئند ہے، ہمارا دین اسلام خود احتیاط کی تاکید اور صفائی وپاکیزگی کو نصف ایمان قراردیتا ہے، قدرتی آفت سے لڑنا نہیں بلکہ بچنا اور اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر رجوع الی اللہ کے ذریعے اس مرض سے نجات حاصل کرناہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلشن حدید میں پیماسندھ کے سابق صدر معروف سرجن اور کورونا مریضوں کا علاج کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ڈاکٹر شہید عبدالقادر سومرو کے گھر پر لواحقین سے تعزیت اور مقامی ذمہ داران سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر مرحوم کے بھائی عبدالباری سومرو، بیٹے عبدالرافع سومرو، جماعت اسلامی گلشن حدید کے ناظم خلیل الرحمن،پبلک ایڈکمیٹی کے انچارج قاضی جھانگیر،فیض محمد،صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عبدالقادر سومرو نے اپنی پوری زندگی اقامت دین اور انسانیت کی خدمت کرتے ہوئے گذاری وہ دعوت دین کے داعی تھے، ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، گلشن حدید میں فریدہ یعقوب الخدمت ہسپتال اور تھر میں 60بیڈز پر مشتمل نعمت اللہ خان الخدمت ہسپتال کے قیام میں بھی ان کا کردار قابل قدر ہے، آخری دم تک وہ تھر پارکر ہسپتال کے بطور ایم ایس اپنے فرائض سرانجام دیتے رہے۔صوبائی امیر نے مرحوم کی مغفرت،درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔#

مزید :

صفحہ اول -