ضلع ملتان میں 1ارب 36کروڑ تقسیم، حکومت سیاسی وابستگی سے بالا تر ہو کر متاثرین کو امداد دے رہی ہے: شاہ محمود
ملتان (نیوز رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے متاثرین کے لیے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔ متاثرین کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر امداد دی جارہی ہے اور ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد کا شفاف نظام اپنایا گیا ہے۔ملتان امدادی رقم کی تقسیم کے حوالے سے پورے پنجاب میں ٹاپ پر ہے۔ امدادی رقم کی متاثرین تک تیزترین ترسیل پر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور تمام انتظامیہ کو ویلڈن کہتا ہوں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کے ہمراہ احساس کفالت سنٹرز کے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔وزیر خارجہ نے منظورآباد اور قاسم پور کالونی میں قائم متعدد سنٹرز کا وزٹ کیااور کیش کاونٹرز سے امدادی رقم کی ترسیل کے طریقہ کار کو چیک کیا اور متاثرین سے گفتگو کی۔اس موقع پر وزیر خارجہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے متاثرین کے لئے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 1کروڑ 25 لاکھ خاندانوں میں 144 ارب روپے تقسیم کئے جارہے ہیں،متاثرین کو ڈیجیٹل سسٹم کے تحت امداد دی جا رہی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ضلع ملتان میں متاثرین میں اب تک 1ارب 36 کروڑ روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملتان میں قائم قرنطینہ بھی پاکستان کا سب سے بڑا مرکز تھا۔اس قرنطینہ مرکز میں پاکستان کے چاروں صوبوں کے افراد کی میزبانی کی گئی،اہلیان ملتان نے کھلے دل کے ساتھ سب کو خوش آمدید کہا۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ میں وزیر اعظم عمران خان کو بتاؤں گا کہ ملتان از نمبر ون ہے۔کفالت احساس سنٹرز کے دورے کے موقع پر وزیر خارجہ انتہائی خوشگوار موڈ میں تھے۔انہوں نے سنٹرز پر آئے مرد اور خواتین متاثرین سے سرائیکی میں گفتگو کی۔وزیر خارجہ نے ایک متاثرہ شخص سے دلچسب مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میسج ملن توں بعداگر تیکوں بنک پیسے نہ ڈیوئے تاں میں تیکوں آپڑیں پلے توں پیسے ڈیساں۔وزیر خارجہ نے سرائیکی زبان میں متاثرین کوآگاہی دیتے ہوئے ہوئے کہاکہ کورونا وائرس داخطرہ اے، ہک بائے نال ہتھ نئیں ملاوڑاں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ملتان میں امدادی رقم کی ترسیل کا آج دسواں دن ہے،امدادی رقم کے لئے مجموعی طور پر 25 سنٹرز فعال ہیں۔عامر خٹک نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 1لاکھ358 متاثرہ خاندانوں کو امداد دی گئی۔دوسرے مرے حلے میں 37 ہزار961 متاثرین کوامداد دی جارہی ہے۔انصاف امداد پروگرام کے تحت تیسرے مرحلے کے متاثرین کی فہرستیں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ تیارکررہا ہے، جس کی متاثرین کو گھروں پر اطلاع دے کر امداد حاصل کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔عامر خٹک نے کہا کہ سنٹرز بند ہونے کے بعد بھی متاثرین بنکوں سے بائیو میٹرک سسٹم کے تحت امداد حاصل کر سکیں گے۔
شاہ محمود