ڈاکٹرز و طبی عملے کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح: گورنر پنجاب
راولپنڈی (این این آئی) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرونا وائر س کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے پاک فوج کے جوان، پولیس، ڈاکٹروں و طبی عملے کا قومی اور خدمت انسانیت کا جذبہ قابل ستائش ہیں، ا پنی جانوں کی پروا نہ کرتے ہوئے اہل وطن کی جانیں بچانے کیلئے خدمات سر انجام دینے والے ڈاکٹر اور میڈیکل سٹاف کا تحفظ اولین ترجیح ہے، کرونا سے بچاو کی تما م تر حفاظتی تدابیر یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ میڈیکل سٹاف میں سیفٹی کیٹس اور متعلقہ سازو سامان بھی تقسیم کر رہے ہیں اور ضروریات کے مطابق کورونا وائرس کے سدباب اور اس قومی کاز میں خدمات سر انجام دینے والے تمام افراد کو سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مشن میں مخیر اور صاحب ثروت افراد کا تعاون بھی قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بات اتوار کی صبح گورنر انیکسی راولپنڈی میں میڈیکل سٹاف میں حفاظتی کٹس کی تقسیم کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ریسکیو 1122 کے انچارج ڈاکٹر عبدالرحمن، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ بے نظیر بھٹو ہسپتال ڈاکٹر محمد رفیق، ایم ایس راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی ڈاکٹر خالد رندھاوا، ایم ایس ہولی فیملی ہسپتال ڈاکٹر محمد شہزاد، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی ڈاکٹر فرزانہ اور دیگر ڈاکٹرز وپیرامیڈیکل سٹاف نے شرکت کی۔گورنر پنجاب نے کہاکہ ہمیں اپنے سماجی رویوں میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے، جن لوگوں نے کورونا کو سنجید ہ نہیں لیا ان کا حال سب کے سامنے ہے، مخیر افراد اس مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون کر رہے ہیں اور جیسے ہی ہمیں عطیات موصول ہو رہے ہیں ہم صوبے کے تمام علاقوں میں تقسیم کر رہے ہیں۔ رمضان المبارک تک 5 لاکھ راشن بیگ تقسیم کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل نیٹ ورک کے طو رپر پنجاب میں 65 سماجی بہبود کے اداروں کی خدمات کو یکجا کیا جا رہا ہے تاکہ تمام علاقوں میں مستحق افراد کی فوری مدد ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ راشن کڑی جانچ پڑتال کے بعد تقسیم کیا جا رہا ہے اور اس کام میں سماجی بہبود کے ادارے شاندار خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر مقامی ہسپتالوں کے سربراہان نے کورونا وائرس کے حوالے سے طبی سہولیات اور مریضوں کی دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔
گورنر پنجاب