ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

ٹائیگر فورس کی خدمات سے متعلق سندھ حکومت نے یو ٹرن لے لیا

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے یہ کہہ کر کہ ٹائیگر فورس سیاسی ہے، ریلیف مہم میں شامل نہیں کر سکتے، بڑا یو ٹرن لے لیا ہے۔راشن تقسیم کے سلسلے میں وفاق کی جانب سے بنائی گئی ٹائیگر فورس کو سندھ میں رضا کارانہ شامل کرنے سے متعلق سندھ حکومت نے بڑا یوٹرن لے لیا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ کر ہدایت جاری کی تھی کہ بتایا جائے کہ ٹائیگر فورس کو راشن تقسیم کے لیے کیسے شامل کیا جائے، اب سندھ کے وزیر امتیاز شیخ نے اس خط سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا ہے۔سندھ حکومت نے چیف سیکریٹری سندھ کے خط سے لاتعلقی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعظم کی ٹائیگر فورس کو ریلیف مہم میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، سندھ ریلیف آپریشن کے سلسلے میں امتیاز شیخ نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن کو قطعی طور پر غیر سیاسی رکھا گیا ہے۔وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہاکہ مستحقین تک راشن کی ترسیل شفاف طریقے سے کی جا رہی ہے، پیپلز پارٹی سمیت کسی بھی سیاسی جماعت کا ورکر ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں، جب کہ ٹائیگر فورس سیاسی ورکرز پر مشتمل ہے۔انہوں نے کہاکہ یو سی سطح پر کمیٹیاں، این جی اوز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز اس آپریشن کا حصہ ہیں، سندھ میں ریلیف کا کام رنگ و نسل، اور سیاسی وابستگی کے بغیر کیا جا رہا ہے، کسی سیاسی جماعت کی فورس یا ورکر کو ریلیف آپریشن کا حصہ نہیں بنایا جا سکتا، ڈپٹی کمشنرز کو اس قسم کی کوئی ہدایت جاری نہیں کی گئی ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -