مظفر آباد  میں کرونا کے حوالے سے انتظامیہ مستعد ، سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں:  ڈاکٹر مسعود بخاری

مظفر آباد  میں کرونا کے حوالے سے انتظامیہ مستعد ، سوشل میڈیا پر چلنے والی ...
مظفر آباد  میں کرونا کے حوالے سے انتظامیہ مستعد ، سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں:  ڈاکٹر مسعود بخاری

  

مظفرآباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایگزیکٹو ڈائریکٹر عباس انسٹیٹیو ٹ آف میڈیکل سائنسز  مظفر آباد  ڈاکٹر مسعود بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا ہے کہ مظفر آباد  میں کرونا وائرس کی تشخیص اور علاج کے حوالے سے انتظامیہ مستعد ہے  ۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی افواہیں بے بنیاد ہیں۔  عوام   کرونا کے حوالے سے غیر مصدقہ باتوں اور افواہوں پر کان نہ دھریں اور درست معلومات کے لیے حکومت پاکستان کی ویب سائٹ   یا مصدقہ  اور معتبر ذرائع سے رجوع کریں ۔ آزاد کشمیر میں حکومتی سطح پر کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے جاندار انداز میں کام کیا جا رہا ہے۔ ہمیں غلط معلومات کے خلاف جنگ میں بھی ہمہ جہت حکمت عملی اپنانا ہو گی، کیونکہ یہ غلط معلومات نہ صرف خطرناک ہیں بلکہ خوف و ہراس کا باعث بنتی ہیں۔   یہ ایک افسوسناک سچائی ہے کہ صحت سے متعلق پیدا ہونے والے کسی بھی بحران کے ساتھ غلط فہمیوں کی  وبا  بھی سامنے آ جاتی ہے۔روایتی اور سماجی ذرائع ابلاغ پر پھیلائی جانے والی غیر مصدقہ خبروں پر دھیان نہ دیں۔

انہوں نے بتایا کہ عباس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز  میں وائرلوجی لیب نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آبادکے تعاون سے 2012سےقائم ہے۔لیب میں جدید ٹیسٹنگ مشین نصب ہے۔ کرونا کی عالمی  وباء کے پھیلاؤ کے بعد اس مشین پر ایمزمیں 315ٹیسٹ کیے جا چکے  ہیں۔ لیب میں تمام ٹیسٹ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آبادسے تربیت یافتہ سٹاف کرتا ہے۔ جبکہ نگرانی  کوالیفائیڈ پیتھالوجسٹ کرتے ہیں۔ پی آر سی ٹیسٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا  18اپریل 2020کو  پی سی آر مشین کےسافٹ وئیر میں اچانک خرابی کے بعد ایمز کی وائرالوجی لیب میں ٹیسٹ روک دیے گئے اور تمام جمع شدہ نمونے ایمز  کی جانب سے فراہم کی گئی خصوصی سروسز کے ذریعے  نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد ارسال کر کے مطلوبہ رزلٹ حاصل کیے  جا رہے ہیں۔

 انہوں نے بتایا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد  کو پی سی آر مشین کے معائنہ اور فنی خامی دور کرنے کے لئے تحریک کر دی گئی ہے ۔ این آئی ایچ کی انتظامیہ نے متعلقہ لوگوں کو ہدایات جاری کر دی ہیں اور یقین دہانی کروائی ہے کہ مشین کی فنی خرابی  جلد دور کر دی جائے گی۔  جس کے بعد  دوبارہ ایمز ہسپتال میں ٹیسٹ شروع کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت کی ہدایات کی روشنی میں   عوام کو  سہولیات فراہم کرنے میں کوئی کمی نہیں آنے دی جارہی۔ فی الوقت کرونا ٹیسٹ کےسمپل ایمز ہسپتال ٹیسٹ سیمپل نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ اسلام آباد کو  بھیج رہا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ پی سی آر مشین مکمل طور پر آٹو میٹک ہوتی ہے۔ کسی بھی قسم کی فنی خرابی کی صورت میں  رپورٹ جاری نہیں کی جاتی۔اس حوالہ سے پھیلائی گئی بے بنیاد اور غلط خبریں عوام میں خوف و ہراس کا سبب بنتی ہیں۔ اس مشکل وقت میں عباس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز عوام کی بھر پور خدمت کے جذبے کے ساتھ مصروف عمل ہے۔ عوام سے گذارش ہے کہ ایمز اور محکمہ صحت عامہ کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیں۔ایمز انتظامیہ نے مظفر آباد  میں کرونا وائرس کے حوالے سے غلط  افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اکثر  اوقات کسی وبا کی نسبت اس سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات زیادہ تیزی سے پھیلتی ہیں، جس سے بہت نقصان ہوتا ہے۔ عوام الناس میں غلط خبروں اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے بے بنیاد معلومات پھیلانا تباہ کن ہو سکتا ہے۔ ماہرین صحت اس خوف کا برملا اظہار کر چکے ہیں کہ خوف و ہراس سے  لوگوں میں  دماغی صحت متاثر ہونے کا اندیشہ  ہے۔  دنیا میں وباؤں سے ہونے والے نقصان میں افواہوں کا بھی بڑا دخل ہوتا ہے۔ حال ہی میں بین الاقوامی ادارہ صحت نے افواہوں کے لیے ایپی ڈیمک (وبا) اور انفارمیشن (معلومات) کے امتزاج سے بننے والی  ایک نئی ٹرم  ’اِنفوڈیمک‘   کے حوالے سے بتایا ہے کہ بعض اوقات کسی وبا کی نسبت اس سے متعلق افواہیں اور غلط معلومات زیادہ تیزی سے پھیلتی ہیں، جس سے بہت زیادہ نقصان کا احتمال ہوتاہے۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس کے سلسلے میں افواہیں اور غلط معلومات پھیلانے سے گریز کرنا چاہیے اور نہ ہی ان پر توجہ دینا چاہیے۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -مظفرآباد -کورونا وائرس -