لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرکے نماز پڑھنے پر گرفتار ہونے والوں کے ساتھ کیا ہوگا؟ وزیر اعظم نے حکم دے دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے حکم دیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرکے نماز پڑھنے پر گرفتار ہونے والے علماء کرام اور نمازیوں کو رہا کردیا جائے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مساجد کو کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور مساجد میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ نماز ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔
وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ علماء کرام نے وزیر اعظم عمران خان کی لاک ڈاؤن کے حوالے سے پالیسی زمینی حقائق پر مبنی ہے۔
پیر کے روز وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لوگ جتنا زیادہ ڈسپلن کا مظاہرہ کریں گے ہمارے لیے کورونا وائرس کو روکنے میں اتنی ہی آسانی ہوگی اور ہم مرحلہ وار لاک ڈاؤن میں نرمی کرنے کے قابل ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 8400 سے زائد مصدقہ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 176 ہوچکی ہے۔