”آن لائن ٹیسٹ میں کوئی پاس ہو گا نہ فیل بلکہ۔۔۔“ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، آن لائن ٹیسٹ کی اصل وجہ بھی بیان کر دی

”آن لائن ٹیسٹ میں کوئی پاس ہو گا نہ فیل بلکہ۔۔۔“ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو ...
”آن لائن ٹیسٹ میں کوئی پاس ہو گا نہ فیل بلکہ۔۔۔“ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو بڑی خوشخبری سنا دی، آن لائن ٹیسٹ کی اصل وجہ بھی بیان کر دی

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر و ہیڈ کوچ مصباح الحق نے قومی کرکٹرز کو خوشخبری سنائی ہے کہ آن لائن فٹنس ٹیسٹ میں کوئی پاس ہو گا نہ فیل، اس کا مقصد صرف اور صرف گھروں تک محدود کھلاڑیوں کو جسمانی طور پر مستعد اور وقت آنے پر میدان میں اترنے کیلئے تیار رکھنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کی وجہ سے گھروں تک محدود قومی کرکٹرز کے آن لائن فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ایسوسی ایشنز میں کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کی آزمائش کا سلسلہ چند روز قبل ہی شروع ہوگیا جس دوران سیکنڈ الیون میں شامل بیشتر پلیئرز کے ٹیسٹ ہوچکے ہیں، دوسری جانب سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ سمیت ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون کے کھلاڑیوں کی جانچ پیر اور منگل کو ہوگی، قومی کرکٹرز کے ٹیسٹ یاسر ملک جبکہ دیگر کے متعلقہ صوبائی ٹیموں کے ٹرینرز لیں گے۔

پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں ہیڈکوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا کہ ٹیسٹ کا مقصد گھروں تک محدود کھلاڑیوں کو جسمانی طورپر مستعد اور کھیل کیلئے تیار رکھنا ہے تاکہ لاک ڈاﺅن کے خاتمے پر کرکٹ سرگرمیاں شروع ہوں تو انہیں فٹنس کے کوئی مسائل پیش نہ آئیں، اور ان کی فٹنس کا وہی معیار ہو جو موجودہ صورتحال شروع ہونے سے قبل تھا، میں خود اور ٹرینرز کھلاڑیوں سے مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور انہیں تمام ضروری ہدایات پہلے ہی بجھوائی جا چکی ہیں، اس ٹیسٹ میں کوئی پاس یا فیل نہیں، نہ ہی کسی قسم کی پنلٹی ہے، بعض کرکٹرز نے جلد فٹنس ٹیسٹ دینے کی درخواست کی تھی اور صوبائی ٹرینرز ان کی جانچ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حالات جلد دوبارہ نارمل اور شائقین کرکٹ ایکشن دیکھ سکیں گے، اس وقت میدان میں اترنے والے کھلاڑیوں کو اپنی فٹنس کی وجہ سے پرفارم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔ واضح رہے کہ پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کو پرفارمنس کے ساتھ فٹنس سے مشروط کرتے ہوئے ایک پالیسی وضع کی تھی کہ مطلوبہ معیار پر پورا نہ اترنے والے کرکٹر کی تنخواہ سے 15فیصد کٹوتی شروع ہوجائے گی جو بہتری آنے تک جاری رہے گی۔ مسلسل غیر معیاری فٹنس کا نتیجہ کیٹیگری میں تنزلی یا کنٹریکٹ ختم ہونے کی صورت میں نکل سکتاہے تاہم مصباح الحق کی جانب سے کوئی جرمانہ عائد نہ کئے جانے کا پیغام ملنے پر خدشات کا شکار کھلاڑیوں نے سکھ کا سانس لیا ہوگا۔

مزید :

کھیل -