این اے 249 ضمنی انتخاب، سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سے اہم مطالبہ کردیا
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ این اے 249 میں ہونے والا ضمنی انتخاب ملتوی کردیا جائے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 میں انتخاب ملتوی کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے۔خط میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کے الیکشن ملتوی کردئیے جائیں، حلقے میں کورونا کا پھیلاؤ بہت زیادہ ہے، کراچی اور حیدرآباد میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح تین سےآٹھ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اس وقت آئی سی یو اور ایچ ڈی یو میں 400 مریض زیر علاج ہیں، ایسے حالات میں کارنر میٹنگ، ریلیاں، جلسے، جلوس سے کیسز بڑھیں گے۔ انتخابی مہم میں دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کی آمدورفت جاری ہے، انتخابات ملتوی نہ کیے تو اموات میں اضافہ اور اسپتالوں میں جگہ کم ہونے کا خدشہ ہے۔ کسی ناگہانی صورت حال سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ الیکشن کمیشن فیصلہ کرے، الیکشن سرگرمیاں کورونا صورت حال کو مزید خراب کرنے کا سبب بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 29 اپریل کو این اے 249 میں ضمنی انتخاب کروانے کا اعلان کیا گیاہے۔یہ سیٹ تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی۔