حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ،حکومت نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لئے بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کردیا

حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ،حکومت نے فرانسیسی ...
حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ،حکومت نے فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے لئے بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کردیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)حکومت اور کالعدم تحریک لبیک کے درمیان ہونے والے طویل مذاکرات کامیاب ، حکومت نے فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالنے کے لئے آج منگل کے روز قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کرنے اور ٹی ایل پی کے رہنماوں اور کارکنوں کے خلاف درج مقدمات ختم کرنے جبکہ تحریک لبیک نے لاہور سمیت ملک بھر میں سے احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اپنے مختصر ویڈیو پیغام میں کہا ہے ہے کہ حکومت پاکستان اور تحریک لبیک کے درمیان طویل مذاکرات کے بعد یہ بات طے پا گئی ہے کہ ہم آج قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کریں گے اور تحریک لبیک لاہور میں مسجد رحمۃ العالمین ﷺ سمیت ملک بھر سے دھرنے کو ختم کرے گی اور بات چیت اور مذاکرات  کا سلسلہ آگے بڑھایا جائےگا اور جن لوگوں کے خلاف فورتھ شیڈول سمیت مقدمات درج ہیں ان کا بھی اخراج کیا جائے گا ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  میں اس سلسلہ میں تفصیلی بیان آج شام یا کل پریس کانفرنس میں دوں گا۔

واضح رہے کہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) اور حکومتی کمیٹی کے مذاکرات کے دو دور ہوئے تھے جس میں فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے اور شیخ رشید کے استعفے کے حوالے سے ڈیڈ لاک برقرار تھا، کالعدم ٹی ایل پی سے ہونے والےمذاکرات کے پہلے دو ادوار میں حکومت کی جانب سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ،صوبائی وزیرقانون محمد بشارت راجا،وزیراعظم کےمعاون خصوصی برائے مذہبی امور علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی شریک ہوئےجبکہ مذاکرات کے تیسرے طویل  دور میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری  شریک ہوئے۔ اس سے قبل صاحبزادہ حامد رضا، ثروت اعجازقادری، میاں جلیل شرقپوری، صاحبزادہ ابوالخیرزبیر اوردیگرعلماء و مشائخ نے کوٹ لکھپت جیل میں کالعدم ٹی ایل پی کے سربراہ حافظ سعد حسین رضوی سے سات گھنٹے طویل مذاکرات کئے،علمائے کرام نے کہا کہ انتشار اور  گھیراؤ  جلاوسے اپنے ہی ملک کا نقصان ہوا ہے، ملک میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھا جائے۔

حافظ  سعد رضوی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ تناؤ ختم کرنے کے لیے اپنے طور پر کوشش کررہے ہیں، ہم حکومتی ایما پر سعد رضوی سے مذاکرات کے لیے نہیں گئے تھے،سعد رضوی نے کارکنان کو پر امن رہنے کی اپیل کی ہے، امید ہے مذاکرات میں جو طے ہوگا حکومت اس پر عمل کرے گی، آج کے مذاکرات میں کسی قسم کے سیاسی عزائم نہیں ہیں، ہم نہیں چاہتے ملک دشمنوں کو فائدہ اٹھانے کا موقع ملے۔

مزید :

Breaking News -قومی -