وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی یو اے ای کا دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ
ابوظہبی (ڈیلی پاکستان آ ن لائن) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متحدہ عرب امارات کا 3 روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد ایران روانہ ہوگئے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق ایران روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورہ ایران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کا موقع ملے گا ،دو طرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بھی بات ہوگی ۔بارڈر مارکیٹوں کے قیام کی پاکستان کی تجویز ایران نے پسند کیا ہے ا س حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہو گا ۔مسئلہ کشمیر پر واضح بیان دینے پر ایرانی لیڈرشپ کا مشکورہوں ۔
وزیر خارجہ کا کہناتھا کہ ایران صرف پاکستان کا ہمسایہ ملک نہیں آزمایا ہوا دوست ہے،ہم نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی معاونت کی ہے ،کوشش ہو گی اپنے دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم بنائیں ۔