کیا خیبرپختونخوا میں بھی پناہ گاہیں بند ہیں؟ وزیراعلیٰ محمود خان نے واضح کردیا
پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کے دور میں قائم کی گئی کوئی پناہ گاہ بند نہیں کی جائے گی۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق محمود خان نے شیلٹر ہومز کی حالیہ صورتحال کے جائزے کے لیے منعقد ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ”شیلٹر ہومز کا قیام تحریک انصاف کی حکومت کا ایسا منصوبہ ہے جو غریب اور بے گھر لوگوں کی فلاح کے لیے شروع کیا گیا۔ اسے ختم نہیں کیا جائے گا۔“
محمود خان کا کہنا تھا کہ ”صوبائی حکومت ان پناہ گاہوں کو ترجیحی بنیادوں پر وسائل مہیا کرے گی اور مستقل بنیادوں پر انہیں قائم رکھے گی۔ “ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس موقع پر حکام سے کہا کہ وہ اس مقصد کے لیے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کریں۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ’کوئی بھوکا نہ سوئے‘ پروگرام کو ازسرنو فنکشنل کرنے کے لیے تجاویز دیں۔
رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں یہ پناہ گاہیں پشاور، چارسدہ، مردان، بنوں، صوابی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دربان کالا، سوات اورکوہاٹ میں قائم ہیں۔ ان پناہ گاہوں میں روزانہ 500لوگوں کے قیام کرنے کی گنجائش ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں ان سے 45ہزار افراد نے استفادہ کیا۔