معروف شاعر سعداللہ شاہ نے کیا خوب کہا کہ
ایک خلقت ہے کہ نفرت سے بھری بیٹھی ہے
ایک طوفاں ہے کہ لوگوں نے دبا رکھا ہے
طاقت کی ضرورت تب ہوتی ہے جب کچھ برا کرنا ہو ۔۔۔۔ورنہ دنیا میں سب کچھ پانے کے لیے پیار ہی کافی ہے
ڈاکٹر ہیوگو کے مطابق ”میں14سال کا تھا تو میں نے کھانے کیلئے روٹی کا ایک ٹکڑا چرایا جس کی وجہ سے انہوں نے مجھے پکڑ کر جیل میں ڈال دیا اور 6مہینے تک مجھے مفت روٹی دیتے رہے بس یہی انسانوں کی عدالت ہے ۔“
شاید انسانوں کی عدالت کا” امتحان“ شروع ہو چکا ہے ۔۔۔شاید یہ عدالت خود کٹہرے میں آن کھڑی ہوئی ہے
ایران ، اسرائیل کشیدگی سے کئی سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں ۔۔۔آج صرف سوالات پر روشنی ڈالی جائے گی ، کوشش کی جائے گی کہ دنیا بھر میں ماہرین، تجزیہ کار جو سوالات اٹھا رہے ہیں ، جن خدشات کا اظہار کر رہے ہیں انہیں سامنے لایا جائے ۔۔۔اور اس طرح سامنے لایا جائے کہ کسی کی حمایت یا مخالفت کا تاثر نہ ابھرے ۔۔۔نفرت اور جنگ کی آگ کو بڑھاوا نہ ملے ۔۔۔جواب آپ خود تلاش کیجیے ۔ ۔ ۔ تحقیق کیجیے ۔۔۔تاریخ پر نظر دوڑائیے ۔۔۔پراپیگنڈہ فیکٹریو ں یا مفاداتی گروہوں سے بچتے ہوئے خود سے جوابات تک پہنچنے کی کوشش کیجیے ۔۔ ان تمام سوالوں کے جواب آپ کو ضرور ملیں گے،سب کے نہ سہی کوئی ایک جواب بھی مل گیا تو گتھی خود بخود سلجھ جائے گی اور ”سارا امتحان “ کھل کرسامنے آ جائے گا۔۔۔ سوالنامہ پیش خدمت ہے
دنیا کی اگلی سپر پاور کون ہو گا ، امریکہ۔۔۔اور اگر امریکہ نہیں تو کون ؟
وہ کونسے عناصر ہیں جو امریکہ اور ایران کو آمنے سامنے لانا چاہتے ہیں ؟
”آگ کے ذریعے پیغام “ بھیجنے کا سلسلہ کب بند ہو گا ؟
6ماہ سے عرب خطہ اسرائیل غزہ جنگ کے باعث پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے لیکن یہ جنگ ختم ہونے کا نام کیوں نہیں لے رہی ؟
کون کر رہا ہے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ، اور کیوں اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عمل نہیں کیا جا رہا ؟
کیا پورا مغرب اسرائیل کی حمایت کر رہا ہے؟
کیا تیسری عالمی جنگ چھڑنے جا رہی ہے ؟
3 دہائیوں کے بعد اسرائیل پر براہ راست کسی ملک نے حملہ کیوں کیا ؟
ایران کے اتحادی کون ؟اسرائیل کے اتحادی کون ہیں ؟
اسرائیل اور ایران کی دشمنی کیسے شروع ہوئی؟ برسوں پرانی ”خونیں دشمنی“ کی وجہ کیا ہے؟ اصل تنازع کیا ہے ؟دونوں حلیف سے حریف کیسے بنے ؟
دونوں ملک کتنے سال تک’ ’شیڈو وار“ میں آمنے سامنے رہے ؟ کیوں ایک دوسرے کے اثاثوں پر حملے کرتے رہے لیکن اس کی ذمہ داری قبول نہیں کرتے؟
1979 ءسے پہلے تک اتحادی رہنے والے ان دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کیسے بڑھے ؟
آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیل کو’ ’کینسر کی رسولی“ سے تشبیہ کیوں دی تھی؟
ایران کی نظر میں ”شیطان بزرگ “ اور ”شیطان کوچک “ کون ہیں ؟
”ایران۔کنترا“ کے نام سے مشہور خفیہ پروگرام کس نے بنایا اور اس میں ثالث کا کردار کس نے ادا کیا تھا؟
’ ’سٹکسنیٹ“ نامی کمپیوٹر وائرس کس نے تیار کیا تھا اور اس نے کس ملک کی جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچایاتھا ؟
ایران کے جوہری پروگرام کے سب سے سینیئرسائنسدان محسن فخری زادہ کو 2020 ءمیں کیوں ، کیسے اور کس نے قتل کروایا ؟
بشار الاسد کی شامی حکومت کی دہائیوں سے جاری خانہ جنگی سے نکلنے میں کس ملک نے کس کیساتھ مل کر مدد کی ؟
عراق، شام اور اردن میں امریکی اڈے حملوں کی زد میں کیوں رہتے ہیں ؟
ایران جغرافیائی طور پر اسرائیل سے بہت بڑا ملک ، آبادی اسرائیل سے تقریباً 10 گنا زیادہ لیکن فوجی طاقت کس کی زیادہ ہے ؟
کیا ایران اور اسرائیل کے پاس ایٹمی ہتھیار ہیں؟
ایرانی حملے کو روکنے والا اسرائیل کا جدید ترین’ ’ایرو ایریئل ڈیفنس سسٹم‘ ‘کیا ہے اور یہ کیسے کام کرتا ہے؟
کیا ایران نے دور تک مار کرنے والے اپنے میزائلوں اور ڈرونز کی صلاحیت دنیا کو دکھا دی ؟
دوسرے کے ملک میں جا کر گوریلہ آپریشن کرنے کا زیادہ تجربہ کس کے پاس ہے؟
دمشق میں’ ’اسرائیلی فضائی حملے‘ ‘میں ہلاک ہونے والے ایرانی جنرل زاہدی کون تھے اور پاسداران انقلاب کی قدس فورس کیا ہے؟
اسرائیل نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملہ اس نے کیا لیکن عام تاثر کیوں ابھرا کہ اسرائیل ہی اس حملے کے پیچھے ہے؟
دمشق میں ایرانی قونصلیٹ پر حملے سے کیا اسرائیل کا مقصدیہ باور کروانا تھا کہ ایران ایک کمزور ملک ہے جس میں لڑنے کی ہمت نہیں؟
اسرائیل پر حملے سے ایران کو فائدہ ہوا یا نیتن یا ہو کو ؟
کیا اسرائیل کی سٹریٹیجک ناکامی ہوئی؟
کیا ایران نے یہ ثابت کر دیا کہ اسرائیل تنہا اپنا دفاع نہیں کر سکتا ؟
ایران کا حملہ ”سرپرائز“ سے بھرپور تھا یا ”خالی “۔۔۔”نفسیاتی جنگ“ بڑھی یا ”گھبراہٹ‘ ‘؟
کس کو اندرونی اور بیرونی سیاسی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ، حساب برابر ہو گیا یا کسی ایک کا پلڑا بھاری ؟
ایران اور اسرائیل کے درمیان تقریباً 2152 کلومیٹر کا زمینی فاصلہ ہے ، کیا ایران نے وہاں تک اپنے میزائل پہنچا کر یہ ثابت نہیں کر دیا کہ اس کے میزائل پروگرام میں کافی ترقی ہوئی ہے؟
ایران نے حملے کو’ ’سچا وعدہ“ کا نام کیوں دیا ، گولان کے شمال میں اسرائیلی انٹیلی جنس مرکز اور اسرائیل کی نیواتیم بیس کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ کیوں بنایا؟
اردن نے اسرائیل پر داغے گئے ڈرون کیوں مار گرائے اور یہ ملک کس کیساتھ اور کیوں کھڑا ہے؟
اردن میں ہر پانچ میں سے ایک شخص کے آباؤ اجداد کا تعلق فلسطین سے ہے ، شاہ اردن عبداللہ دوئم کی اہلیہ ملکہ رانیہ بھی فلسطین سے تعلق رکھتی ہیں اور حالیہ عرصے غزہ میں سنگین ہوتے انسانی بحران کے حوالے سے آواز اٹھاتی رہی ہیں۔۔۔لیکن اردن اور ایران کے مؤقف الگ الگ کیوں ؟
شاہ اردن عبداللہ دوئم کو سوشل میڈیا پر کیوں منفی القابات سے نوازاجا رہا ہے ؟
اردن نے امریکہ ، برطانیہ اور فرانس کیساتھ مل کر کئی ایرانی میزائلوں اور ڈرونز کو مار گرایا لیکن کبھی اسرائیل کے میزائلوں اور ڈرونز کیساتھ ایسا سلوک کیوں نہیں کیا ؟
کیا اردن اگلا ہدف ہو سکتا ہے؟
اینگلو عرب افواج نے اس خطے کا کنٹرول کب سنبھالا،”ٹرانس جارڈن“ کی بنیاد کیوں رکھی گئی،بیلفور ڈیکلریشن کا مقصد کیا تھا ؟
امریکی صدر بِل کلنٹن کے دور حکومت میں 1994 میں اردن اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدہ کیوں اور کیسے ہوا ؟
پوراخطہ طوفان کی زد میں کیوں ۔۔۔ کشیدگی بڑھانے والوں کو کیا ملے گا ؟
عوام کی طرف سے دباﺅ اور حکومتی شخصیات پر تنقید کا سلسلہ کیوں بڑھتا جا رہا ہے ؟
نیتن یاہو جب بھی سیاسی طور پر اپنے آپ کو کمزور محسوس کرتے ہیں تو فوراً ”ایران کارڈ“ کیوں استعمال کرتے ہیں؟
ہیبریو یونیورسٹی کی طرف سے کرائے گئے سروے میں 74 فیصد اسرائیلی عوام نے جوابی حملے کی مخالفت کی پھر بھی نیتن یاہو کی حکومت نے ایران پر حملہ کیوں کیا ؟
سوال تو اور بھی بہت ہیں۔۔۔ مقصد کسی ایک ملک کی حمایت یا کسی دوسرے ملک کی مخالفت کرنا نہیں
جس قدر محنت سے مذکورہ بالا سوالات پیش کیے گئے ہیں اگر اتنی ہی محنت ان کے جوابات کیلئے کی گئی تو دنیا بھر میں جنگ ، خوف ، دہشت اور نفرت کی سوچ کو شکست ملے گی۔۔۔ ہر محاذ پر
آخر میں ایک سوال یہ بھی ہے ۔۔۔ہو سکے تو بڑی طاقتیں اور انسانی حقوق کے علمبردار جواب ضرور دیں
کیونکہ سوال تو بنتا ہے کہ ۔۔۔ نہتے فلسطینیوں کی مدد کس پر فرض ہے یا کس کی ذمہ داری ہے ۔۔۔؟
سچ پوچھیں تو اسی ایک سوال کیلئے اتنے ڈھیر سارے سوالات آپ کی خدمت میں پیش کیے ۔۔۔ انصاف تو دور کی بات انسانی عدالت ابھی تک اس ایک سوال کا جواب نہیں دے سکی ۔
نوٹ: ادارے کا کالم نگار کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں