کشمیری حریت رہنماﺅں نے پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے کو افسوسناک قرار دےدیا

کشمیری حریت رہنماﺅں نے پاک بھارت مذاکرات منسوخ ہونے کو افسوسناک قرار دےدیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


سرینگر (کے پی آئی)کشمیری حریت رہنماﺅں نے خارجہ سیکریٹری مذاکرات منسوخ کرنے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی ہٹ دھرمی سے مسائل سلجھنے کی بجائے مزید الجھ جائیں گے۔حریت کانفرنس(ع)سربراہ میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ یہ فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے کیونکہ ہم یہ امید رکھ رہے تھے کہ مذاکرات کا جو عمل شروع ہوچکا ہے ،اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کشمیر حل کیلئے کام کرینگے۔انہوں نے کہا کہ حریت لیڈران کی پاکستانی سفیر کے ساتھ ملاقات میں کوئی برائی نہیں ہے۔ ان کاکہناتھاہم صرف اپنا موقف ان تک پہنچاتے ہیں اور ایسا پہلی دفعہ نہیں ہو رہا تھا۔میرواعظ نے کہاایسی ملاقاتیں اٹل بہاری واجپائی اورمنموہن سنگھ کے دور میں بھی ہوئیں تو اس وقت ایسی ملاقاتوں پر ہنگامہ بپا کرنے کی کیا ضرورت ہے۔جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ سربراہ محمد یاسین ملک نے بھی حکومت ہند کے اس فیصلہ پر حیرانگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے ،کئی برسوں کی خاموشی کے بعد ہم توقع رکھتے تھے کہ دوملکوں کے تعلقات میں گرمجوشی پیدا ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان کی کسی بھی سرکردہ شخصیت کے دورہ ہندوستان کے دوران بھارتی حکام سے ملاقات سے قبل ایسی میٹنگیں ہوتی رہی ہیں۔ان کا کہناتھاگزشتہ دو دہائیوں سے ہم سب پاکستانی اہم شخصیات اور ہائی کمشنروں سے ملتے رہے ہیں ،اس میں کوئی نئی بات نہیں ہے ،ہمیں حیرانی ہوتی ہے کیا حکومت ہند واقعی برصغیر میں قیام امن چاہتی بھی ہے یا نہیں۔
حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے خارجہ سیکریڑی مذاکرات کی معطلی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہامذاکرات کی معطلی کا فیصلہ برصغیر کے مفاد میں نہیں ہے۔انہوںنے کہاہمیں امید تھی کہ وزیراعظم مودی کشمیر سمیت تمام باہمی معاملات حل کرنے میں سنجیدہ ہیں ،ان کی جانب سے حلف برداری تقریب میں نوازشریف کو مدعو کرنا اہم پیش رفت تصور کی جاتی تھی جس کے نتیجہ میں کشمیر مسئلہ پر غیر یقینی کے بادل چھٹ جانے کی امید تھی تاہم مذاکرات منسوخ کرنے سے انتشار مزید بڑھ جائے گا۔اس سلسلے میں اگر چہ حریت(گ)سربراہ سید علی گیلانی کا بھی ردعمل جاننے کی کوشش کی گئی تاہم بسیار کوششوں کے باوجود ان سے رابطہ نہ ہوسکا۔

مزید :

عالمی منظر -