نیویارک (نیوزڈیسک) کھانا پکانے کا بنیادی اور ناگزیر جزو تیل (کوکنگ آئل) ہے۔ مختلف کمپنیوں اور ناموں سے مارکیٹ میں دستیاب بے شمار کوکنگ آئلز میں سے معیاری تیل کی خریداری خواتین کے لئے کسی جادو گری سے کم نہیں۔ کھانے والے تیل کے بارے میں آج کل بے شمار داستانیں اور کہانیاں گھڑی جا چکی ہیں، جن کی اکثریت کا تعلق صحت کے لئے مضر ہونے سے جڑا ہے۔ تو یہاں ہم آپ کو تیل کے حوالے سے حقائق اور من گھڑت داستانوں میں فرق بتاتے ہیں۔
استعمال شدہ گھی کا دوبارہ استعمال: ہمارے ہاں اکثر خواتین کسی چیز کو تلنے کے بعد وہ تیل دوبارہ استعمال کر لیتی ہیں، حالاں کہ ایسا کرنا مضر صحت ہے، کیوں کہ استعمال شدہ تیل کا بار بار استعمال کیمیائی تبدیلی پیدا کرتا ہے، جو کینسر کا سبب بنتا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد بار گرم کئے گئے تیل کا استعمال الزائمر اور گلے کی بیماریوں کو بھی جنم دیتا ہے۔
غذا کی لذت میں اضافہ کے لئے زیادہ تیل کا استعمال: تیل کے بارے میں دوسری معروف ترین من گھڑت داستان کھانے میں اس کا زیادہ استعمال ہے، تاکہ کھانے کو زیادہ مزیدار بنایا جا سکے۔ ہمارے ہاں خواتین تو یہ اکثر کہتی ہیں کہ کھانے کے ذائقے کا انحصار ہی تیل کے زیادہ یا کم استعمال پر ہوتا ہے۔ حالاں کہ زیادہ تیل کے استعمال سے کھانا زیادہ پکانا پڑتا ہے، جس کے باعث متعدد نیوٹرنٹس ضائع ہو جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ زیادہ تیل کے استعمال سے جسم میں کولیسٹرول کی سطح بھی بڑھ جاتی ہے، جو بیماریوں کا موجب ہے۔
سبزیوں کے تیل کے استعمال سے کولیسٹرول کا نہ بڑھنا: برصغیر پاک و ہند کے کھانوں میں زیادہ تر سبزیوں کا تیل استعمال کیا جاتا ہے، کیوں کہ ہمارا ہاں عمومی خیال یہ ہے کہ سبزیوں کے تیل سے جسم میں کولیسٹرول کی سطح نہیں بڑھتی۔ حالاں کہ سبزیوں کا تیل پودوں سے حاصل کیا جاتا ہے،جو جسم میں کولیسٹرول کی سطح برقرار نہیں رکھ سکتے۔
روایتی تیل اور امراض قلب: آج مارکیٹ میں دل دوست تیل کی بھرمار ہے، جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ سورج مکھی سے حاصل کیا گیا ہے۔ تاہم ماہرین کا خیال ہے کہ روایتی تیل یعنی گھی، سرسوں اور ناریل کا تیل مخصوص دل دوست تیل سے کہیں بہتر ہے۔
زیتون کا تیل کوکنگ آئل کا متبادل: گوکہ زیتون کا تیل اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کی وجہ سے دل کی صحت کے لئے بہت اچھا ہے، لیکن اسے کوکنگ آئل کی جگہ استعمال کرنا درست نہیں، کیوں کہ زیتون کا تیل روایتی کوکنگ آئل کی نسبت زیادہ گرماہٹ برداشت نہیں کرتا، جبکہ کھانا پکانے کے لئے تیل بڑی دیر تک زیادہ درجہ حرارت پر رہتا ہے۔