دھرنے اور مارچ والوں سے پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے ، مسلم لیگ (ن)

دھرنے اور مارچ والوں سے پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے ، مسلم لیگ (ن) ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                  لاہور( جنرل رپورٹر/نمائندہ خصوصی) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے ایوان اقبال میں ایک بڑے ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جس میں مسلم لیگ کے لاہور سے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ہزاروں کی تعداد میں کارکنان نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدرا ور ایم این اے محمد پرویز ملک‘ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد حسان ‘ جنرل سیکرٹری لاہور و ایم پی اے خواجہ عمران نذیر‘ مشیر وزیراعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق اور ممتاز دینی راہنمامولانا راغب نعیمی سمیت دیگر نے کہا کہ ہم اپنی جماعت کوملنے والے مینڈیٹ کو یرغمال بنانے کی کوشش کرنے والوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بنیں گے دھرنے اور مارچ کی سیاست کرنے والوں سے پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ہے اس لئے وہ اس طرح کے مارچ کررہے ہیں ہم قیادت کے حکم کی وجہ سے خاموش اور پر امن ہیں وگر نہ زمان پارک یہاں سے زیادہ دور نہیں ہے۔ صدر لاہور محمد پرویز ملک نے کہا کہ (ن) لیگ نے کبھی غیر ذمہ دارانہ اقدامات نہیں کیے اور ہمیشہ آئینی حدود کی پابندی کی ہے عمران خان یہاں آ کر ہمارے کارکنان کا جذبہ دیکھ لیں ابھی ہم نے کوئی جلسہ نہیں بلایا کیونکہ ہم نے سڑکوں پر میچ نہیں کھیلنا بلکہ ایوان کے اندر اپنے مسائل حل کرنے ہیں طاہر القادری نے کبھی سیاست نہیں کی اس لیے اپنے ڈیرے پر واپس آجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے ٹریک ریکارڈ کیوجہ سے ہمارے دوست ملک چین نے یہاں پر20ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی اور سعودی عرب نے بھی ڈیڑھ ارب ڈالر دیئے ہیں دھرنے اور مارچ کرنے والوں سے پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے انتخابات میں دھاندلیوں کے الزامات پر تحقیقات کےلئے سپریم کورٹ کا کمیشن بنا کر عمران خان کابنیادی مطالبہ پورا کر دیا ہے لیکن اسکے باوجود عمران خان اپنے غیر آئینی موقف سے پیچھے ہٹنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر خواجہ احمد احسان نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں اس بات کی سب سے بڑی دلیل آپ لوگوں کا جذبہ ہے اور یہ ان لوگوں کے لئے پیغام ہے جو اسلام آباد میں چند ہزار لوگوں کے ساتھ پورے ملک کو یرغمال بنانے کی کوشش کر رہے ہیں انہیں چاہیے کہ یہاں آکر اصلیت دیکھیں کہ عوام کس کے ساتھ ہیں میں عمران خان اور طاہر القادری سے یہ کہنا چاہوں گا کہ ہمیں زیادہ مت چھیڑواور ہماری شرافت کا امتحان نہ لو ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی غیر آئینی اقدام کو نہ مانتے ہیں اور نہ ہونے دیں گے ۔ ایم پی اے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اگر ہما ری قیادت کا حکم نہ ہو تاتو عمران خان تمہارا زمان پارک یہاں سے دور نہیں ہے آپ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں آپ خود تو چند گھنٹے کنٹینر میں جشن منانے کے بعد بنی گالا میں اپنے محل میں جا کر سو جاتے ہیں لیکن کارکنان وہیں سڑکوں پر رہنے پر مجبور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ میں انصاف کرنے آیا ہوں وہ بتائیں جو اپنی بیٹی سے انصاف نہیں کر سکا وہ قوم سے کیا انصاف کریگا تحریک انصاف کا ملین مارچ تو شاہدرہ میں ہی دفن ہو گیا تھا اس لئے عمران خان اپنی خفت مٹانے کےلئے کارکنوں کو انتشار پر اکسا رہے ہیں جس کا ملک کو نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں عمران خان کے سسرالی ظلم ڈھا رہے ہیں اور انہوں نے عمران خان کو یہاں ان کاموں پر لگا دیا ہے تاکہ پاکستان کی عوام فلسطین پر ڈھائے جانے والے ظلم بھول کر ان کے غیر آئینی اقدامات کی جانب متوجہ ہو جائیں عمران خان کا مقصد صرف وزیراعظم بننا ہے مگر انہیں یہ معلوم نہیں کہ وزیر اعظم دلوں کو فتح کر کے بنا جاتا ہے ۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ دو لوگ غیر ملکی ایجنڈے کی شہ پر پاکستانی ریاست کو تباہ کرنے میں مصروف ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے ہمارے بزرگوں نے پاکستان کو بنایا تھا اور ہم پاکستان کو بچائیں گے ۔ مولانا راغب نعیمی نے کہا کہ پاکستان کو آج ایک مضبوط اور مستحکم جمہوریت کی ضرورت ہے چند ہزار لوگوں پر مشتمل مارچ کے مطالبے پر جمہوریت کو ڈیل ریل نہیں ہونے دیں گے ۔ ورکر کنونشن میں چیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو صبا صادق اور عمران خواجہ نے مختلف دو قرار دادیں پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔ ان قرار دادوں کے متن میں کہا گیا کہ مسلم لیگ (ن) کو ملنے والے مینڈیٹ کو یرغمال بنانے کی کوشش کرنے والوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں گے اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ہر پل مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیںگے ۔
مسلم لیگ (ن)

مزید :

صفحہ آخر -