منگیتر کو اپنی موت کی خبر سنا دی

منگیتر کو اپنی موت کی خبر سنا دی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لندن (نیوز ڈیسک) ایک امریکی شخص نے بزدلانہ دھوکہ بازی کا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنی برطانوی محبوبہ کو شادی سے محض دو ماہ قبل فون کیا اور اپنے والد کی آواز نکال کر خاتون کو بتایا کہ اس کے ہونے والے شوہر کی کار حادثے میں موت ہوگئی ہے۔ تئیس سالہ ایلیکس نے جب یہ اندوہناک خبر سنی تو بیچاری غم سے نڈھال ہوگئی اور اپنے ہونے والے سسر اور ساس کو فون کیا تاکہ اظہار افسوس کرسکے۔ فون کرنے پر بڑے میاں نے بتایا کہ ان کا بیٹا 23 سالہ بیٹا ٹکر بلینڈ فورڈ تو بخیر و عافیت ہے جس پر ساری دھوکہ بازی کھل کر سامنے آگئی۔ ایلیکس اور ٹکر کی ملاقات دو سال قبل اس وقت ہوئی جب وہ امریکہ پڑھنے کیلئے گئی تھی۔ دونوں ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے اور دو سال تک خوبصورت لمحے گزارنے کے بعد بالآخر شادی کا فیصلہ کیا تھا کہ ہونے والے دولہا نے عظیم چکر بازی کا مظاہرہ کردیا۔ ٹکر بلینڈ فورڈ نے ایک اخبار کو بتایا کہ وہ شادی سے گھبرا گیا تھا اور جب اسے روکنے کی کوئی ترکیب سمجھ نہ آئی تو اس نے خود اپنا والد بن کر محبوبہ کو اپنی فوتگی کی اطلاع دے دی۔ ایلیکس کا کہنا ہے کہ وہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اس کا منگیتر اتنا بزدل، جھوٹا اور کمینہ نکلے گا۔ اس نے مقامی اخبار کو بتایا کہ اچھا ہوا کہ اس کے منگیتر کی اصلیت سامنے آگئی ورنہ معلوم نہیں وہ شادی کے بعد کتنی بزدلی کا مظاہرہ کرتا۔

مزید :

صفحہ آخر -