بوئنگ 737 طیارہ ائیرلائن کو صرف ایک مسافر کے ساتھ اڑانا پڑگیا، انتہائی دلچسپ واقعہ
لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) جب بھی آپ جہاز میں سفر کرتے ہوں گے دوران پرواز کھچا کھچ بھرے ہوئے جہاز میں گھٹن اور ہمہ وقت روتے ہوئے بچوں کی آوازیں آپ کو ضرور پریشان کرتی ہوں گی اور آپ خواہش کرتے ہوں گے کہ کاش آپ اس جہاز میں اکیلے ہی سفر کر رہے ہوتے۔ جس سیٹ پرآپ چاہتے بیٹھتے، ٹانگیں پھیلانے کے لیے بھی آپ کے پاس وافر جگہ موجود ہوتی اور پاس بیٹھے مسافروں کے کپڑوں سے آنے والی بو بھی آپ کو پریشان نہ کرتی۔ آپ جانتے ہیں کہ ایسا ممکن نہیں ہے لیکن ہم آپ کو ایک ایسے برطانوی شخص کے بارے میں بتاتے ہیں جسے خوش قسمتی سے پورے جہاز میں اکیلے سفر کرنے کا موقع مل چکا ہے۔
نگیل شارٹ شطرنج کا کھلاڑی ہے۔ اس روز وہ ایک ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد جوہانسبرگ سے وکٹوریا فالز جانے کے لیے ایئرپورٹ پہنچا۔ اس نے پہلے ہی ایئر زمباوے کی ایک فلائٹ کے لیے ٹکٹ بک کروا رکھا تھا۔ جب وہ جہاز میں سوار ہونے کے لیے پہنچا تو اس نے دیکھا کہ جہاز بالکل خالی پڑا ہے۔ اس نے اکانومی کلاس کا ٹکٹ لیا تھا، اسے شبہ ہوا کہ وہ غلط گیٹ سے جہاز میں داخل ہو گیا ہے چنانچہ وہ باہر نکلنے لگا اتنے میں جہاز کے عملے نے اسے دیکھ لیا اور اس کا پرجوش استقبال کرتے ہوئے اسے بتایا کہ آج کی اس فلائٹ کے لیے صرف نگیل ہی نے ٹکٹ خریدا تھا، اورکوئی مسافر نہیں آ رہا۔ یہ سن کر نگیل کی حیرت کی انتہاء نہ رہی۔ اب پورے بوئنگ 737میں نگیل اکیلا بیٹھا تھا۔
دوران پرواز جہازکا عملہ اس کے نمبر کی بجائے اسے نام سے پکارتا رہا۔ کاک پٹ سے جہاز کے لاؤڈ سپیکر کے ذریعے ہونے والے اعلانات میں بھی اسے اس کے نام سے مخاطب کیا جاتا رہا۔ نگیل کا کہنا ہے کہ یہ بہت خوشگوار تجربہ تھا۔ عملے کے تمام افراد مجھے میرے نام سے بلا رہے تھے۔ زندگی میں پہلی بار دو ایئرہوسٹس میرے لیے کھانا لے کر آئیں۔ عملے کے تمام افراد مجھے دیکھ کر مسکرا رہے تھے اور مجھے یہ سب مضحکہ خیز لگ رہا تھا۔ میں حیران ہو رہا تھا کہ صرف ایک مسافر آنے کے باوجود ایئرزمباوے نے پرواز منسوخ نہیں کی تھی۔
روزنامہ پاکستان کی اینڈرائڈ موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کلک کریں
آئی فون ایپ ڈاؤن لوڈ کرنے کیلئے کلک کریں

