ایشنر سیریز ، آسٹریلیا اور انگلینڈ آج سے آخری ٹیسٹ میں مقابل
لندن ( نیٹ نیوز) انگلینڈ اورآسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ آج سے اوول، لندن میں شروع ہوگا۔ اس سے قبل میزبان ٹیم انگلینڈ کو ایشز سیریز میں کینگروز کے خلاف 3۔1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ انگلینڈ نے آسٹریلیا سے پہلا ٹیسٹ 169 رنز سے جیتا، دوسرے ٹیسٹ میں آسٹریلوی ٹیم نے کم بیک کیا اور 405 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز برابر کر دی تاہم اگلے دونوں ٹیسٹ میچوں میں انگلش ٹیم نے کینگروزکو نہ صرف چاروں شانے چت کر دیا بلکہ ایشز سیریز بھی 3۔1 سے اپنے نام کرلی، انگلینڈ نے تیسرا ٹیسٹ 8 وکٹوں جبکہ چوتھا ٹیسٹ اننگز اور 78 رنز سے جیت کر ایشز اپنے قبضے میں کر لی انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان ایلسٹر کک نے کہا ہے کہ سیریز واضح طور پر جیتنے کے باوجود ہم آخری ٹیسٹ میچ میں بھی بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ ہم عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس سیریز میں بھی کامیابی حاصل کریں اور سیریز4-1 سے اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوجائیں تمام کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور امید ہے کہ وہ عمدہ پرفارمنس کامظاہرہ کریں گے دوسری طرف مائیکل کلارک کاکہنا ہے کہ سیریز ہارنے کے باوجود ہم دلبرداشتہ نہیں ہیں اور آج سے شروع اس ٹیسٹ میچ میں ضرورکامیابی حاصل کریں گے غلطیوں سے سبق سیکھنے کی کوشش کی ہے تمام کھلاڑی مکمل فٹ ہیں اور آخری ٹیسٹ میچ جیتنے کے لئے پرعزم ہیں۔
