ٹیکس سے متعلقہ تمام دستاویزات قومی زبان میں شائع کی جائیں: سید محمود غزنوی
لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو بڑھانے کے لیے اصلاحات متعارف کرائے اور ٹیکس نظام کو سادہ اور عام فہم بنانے کے لیے ٹیکس سے متعلقہ تمام دستاویزات کا اجراء قومی زبان میں کرے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے کہا کہ ٹیکس واجبات ادائیگی کے لیے فارم صرف ایک صفحہ پر مشتمل اور قومی زبان اردو میں ہونا چاہیے تاکہ ہرکوئی اسے آسانی سے سمجھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ شرح خواندگی کم ہونے کی وجہ سے تاجروں کی اکثریت مشکل اور پیچیدہ ٹیکس دستاویزات سمجھنے سے قاصر ہے جس کے اثرات ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کی کوششوں پر بھی مرتب ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی قومی زبان پر فخر ہونا چاہیے لہذا حکومت فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو فوری ہدایت کرے کہ ٹیکس سے متعلقہ تمام دستاویزات عام فہم قومی زبان میں شائع کی جائیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے مزید کہا کہ حکومت بینکوں سے لین دین پر ٹیکس جیسے غیر منطقی اقدامات نہ اٹھائے کیونکہ جبراً ٹیکس وصول کرنے کی کوششوں کی وجہ سے تاجروں میں شدید بددلی پھیل رہی ہے۔ سید محمود غزنوی نے کہا کہ تاجر ودہولڈنگ ٹیکس کو جبری اور کالا قانون قرار دے رہے ہیں لہذا حکومت ایسے اقدامات اٹھانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے دیگر طریقے اختیار کرے اور موجودہ ٹیکس دہندگان کو نچوڑنے کے بجائے سہولیات و مراعات دے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب ملے۔
