صوبہ پنجاب سے دہشتگردوں کے اڈے ختم کئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا،میاں منظور وٹو
لاہور( نمائندہ خصوصی)صوبہ پنجاب سے دہشتگردوں کے اڈے ختم کئے بغیر ملک میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔یہ بات میاں منظور احمد وٹو، صدر پیپلز پارٹی پنجاب نے جاری ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ کے اس اعلان کو قابل ستائش قرار دیا جسمیں انہوں نے شہداء کے خون کی قسم کھا کر آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کا عزم صمیم کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شجاع خانزادہ کی شہادت کے بعد اب تمام قوم کی توجہ پنجاب کی طرف مبذول ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک موقع پر پنجاب کے وزیراعلیٰ نے ’’پنجاب کو چھوڑو‘‘(Spare Punjab) پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کا دوسرے صوبوں کی عوام ، میڈیا اور سول سوسائٹی سب کی طرف سے سخت رد عمل ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک کی تمام سیاسی اور عسکری قیادت نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشتگردی اور انتہاء پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پوری طرح متحد ہے۔
