حکمران دہشتگردی کنٹرول کرنے میں نا کام ہو چکے ہیں، سید احمد محمود

حکمران دہشتگردی کنٹرول کرنے میں نا کام ہو چکے ہیں، سید احمد محمود

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور( نمائندہ خصوصی)پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ موجودہ حکمران امن و امان اور دہشتگردی کے معاملات کو کنٹرول کرنے میں مکمل نا کام ہو چکے ہیں۔ دہشتگردوں کی کاروائیوں سے سیاسی رہنماء اور انکے معصوم بچے ہٹ لسٹ پر ہیں جنہیں دہشتگرد باآسانی سے اپنا ہدف بنا کر اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے کوشاں ہیں جبکہ حکمران ترقیاتی کاموں کی آڑ میں کمیشن کھانے اور مسائل پر عدالتی کمیشن بنا کر اپنی سیاست چمکانے کے لیے عوام کو بے وقوف اورا قتدار کو طول دینے سے مصروف ہیں۔یہ بات انہوں نے لندن سے ٹیلی فون پر اپنے سینئر پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالقادر شاہین اور میڈیا کوارڈینٹر محمد سلیم مغل سے گفتگو میں کہی کہ پنجاب کے وزیر داخلہ شجا ع خانزادہ پر خود کش حملہ کے بعد ایم کیو ایم کے رشید گوڈیل پر قاتلانہ حملہ اور پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر خیبر پختونخواہ خانزادہ چٹان کے 10 سالہ بیٹے کا اغواء وفاقی حکومت اور وفاقی وزیر داخلہ کی ناقص اور عدم دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اٹک خود کش حملے میں وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ سمیت 20 افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش اور دلی افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ پنجاب کے وزیر داخلہ کی دہشتگردوں کے ہاتھوں شہادت قومی نقصان ہے انہیں دھمکیاں ملنے کے باوجود سیکورٹی کے انتظامات نہ ہونے کی تحقیقات کی جانی چاہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ کی پنجاب میں دہشتگردوں کیخلاف خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

مزید :

علاقائی -