پنجاب بھر میں شجاع خانزادہ اور شہدائے اٹک کیلئے قرآن خوانی، دعائے مغفرت
لاہور(پ ر)وزیراعلی پنجاب محمد شہبازشریف کی اپیل پر صوبہ بھرمیں کرنل (ر) شجاع خانزادہ شہید کو ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی ۔ ڈویژن ، ضلع، تحصیل اور ٹاؤن کی سطح پر ہونے والی تعزیتی تقریبات میں شجاع خانزادہ شہید کی مغفرت کی دعا کے ساتھ ان کی ملک و قوم کے لئے عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کیاگیا ۔اس سلسلے میں جی او آر ون جامع مسجد میں خصوصی دعائیہ تقریب میں کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی جس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سید مبشر رضا، سیکرٹری سروسز ڈاکٹر اعجاز منیر، سیکرٹری آئی اینڈ سی جاوید اکبر ، ایڈیشنل سیکرٹری سی ایس آفس مسعود مختار اور دیگر افسروں نے شرکت کی ۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کے زیر اہتمام ٹاؤن ہال لاہور میں اٹک سانحہ میں شہید ہونے والے کرنل (ر) شجاع خانزادہ اور دوسرے افرا دکے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں ایم پی اے خواجہ عمران نذیر ، سہیل شوکت بٹ ، ڈی سی او لاہور محمد عثمان اور دیگر افسران و اہلکاران نے شرکت کی ۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ ایک بہادر اور دلیر انسان تھے اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔ کمشنر لاہور ڈویژن آفس کی مسجد میں بھی قرآن خوانی کی محفل منعقد ہوئی جس میں کمشنرلاہور ڈویژن عبداللہ خان سنبل، ایڈیشنل کمشنر اور دوسرے افسران نے شرکت کی ۔ اسی طرح راوی ٹاؤن ، سمن آباد ٹاؤن میں قرآن خوانی کی تقریبات منعقد ہوئی اور سانحہ اٹک میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی ۔ راولپنڈی میں بھی سانحہ اٹک کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے راولپنڈی شہر میں مرکزی جامع مسجد جبکہ کینٹ میں پوٹھوہار ٹاؤن ہال میں خصوصی قرآن خوانی اور دعا کا اہتمام کیاگیا۔رکن صوبائی اسمبلی بیگم زیب النساء اعوان اور ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال اور شہریوں نے پوٹھوہار ٹاؤن ہال میں منعقدہ دعا میں شرکت کی۔ارکان صوبائی اسمبلی بیگم تحسین فواد ، لبنی ریحان اور زیب النساء اعوان ، اے ڈی سی جی عارف رحیم ، اے سی سٹی قراۃ العین ، انتظامیہ کے دیگر افسران اور تاجر تنظیموں کے عہدیداروں اور شہریوں نے مرکزی جامع مسجد راولپنڈی میں منعقدہ دعا میں شرکت کی۔گوجرانوالہ ڈویژن کے تمام ڈویژنل اور ضلعی دفاتر میں ایصال ثواب کیلئے تعزیتی اجلاس اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوئیں ۔ کمشنر گوجرنوالہ شمائل خواجہ ،ڈی سی او رفاقت علی کے دفاتر میں بھی تعزیتی اجلاس ہوئے ۔ ملتان کے ڈی سی اوآفس میں ڈی سی او زاہد سلیم گوندل اور دیگر ضلعی افسران نے قرآن خوانی اور خصوصی دعا میں شرکت کی ۔ تقریب میں شجاع خانزادہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔سیالکوٹ کے جناح ہال قلعہ میں سانحہ اٹک کے شہداء کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کی گئی ۔بھکر کی تمام مساجد شہدائے اٹک کے لئے قرآن خوانی اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ میانوالی میں جامع مسجد ڈی سی او آفس کمپلیکس میں شہدائے اٹک کے لئے قرآن خوانی میں ڈی سی او طلعت محمود گوندل اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔ میانوالی شہر کی مساجد اور دیگر دفاتر میں بھی قرآن خوانی دعا کا اہتمام کیاگیا ۔فیصل آباد ،چک جھمبرہ ، سمندری ، جڑانوالہ او رتاندلیانوالہ میں شہدائے اٹک کے لئے دعائیہ تقریبات میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی ، سرکاری افسران ، سماجی اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی ۔ساہیوال کی ضلعی کچہری کی جامع مسجد بدر میں شہدائے اٹک کیلئے قرآن خوانی اور دعا ئے مغفرت کی گئی جس میں ڈی سی او آصف اقبال اور دیگر اعلی افسروں او ر عملے نے شرکت کی ۔
