رینجرز ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو اور اطراف میں گشت کر کے واپس چلی گئی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) رینجرز اہلکار متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزنائن زیرو اور اطراف میں گشت کر کے واپس چلے گئے ۔ رینجرز کی جانب سے نائن زیرو اور اطراف میں اس وقت گشت کیا گیا جبکہ رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس جاری تھی ۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم کے مرکز پر معمول کا گشت کیا ہے جس کے بعد اہلکار واپس چلے گئے ۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کا کہنا ہے کہ رینجرز معمول کے گشت پر تھی اور رینجرز اہلکار ایم کیو ایم کے کسی دفتر میں داخل ہوئے اور نہ ہی ایم کیو ایم کے کسی کارکن کی گرفتاری عمل میں آئی۔
رینجرز کی بھاری نفر ی نائن زیرو کے اطراف میں پیدل گشت کر ر ہی ہے اور بعض اہلکار لال قلعہ گراونڈ کی جانب بھی گئے ۔جس وقت رینجرز اہلکاروں نے نائن زیرو کا گشت کیا اس وقت رابطہ کمیٹی کی پریس کانفرنس جاری تھی جس میں فاروق ستار وزیر اعظم کے دورے پر اپنے تحفظات کااظہار کر رہے تھے ۔فاروق ستار نے پریس کانفرنس کے دوران ہی رینجرز کے آنے کی تصدیق کی اور پریس کانفرنس کو فوری طورپر ختم کردی ۔میڈ یا رپورٹس کے مطابق رینجرز کی نائن زیرو آمد پر ایم کیو ایم کے رہنما اور کارکنان پریشانی کا شکار ہو گئے اور رابطہ کمیٹی نے اپنی پریس کانفرنس فوری ختم کر کے رینجرز کی نائن زیرو آمد پر صورتحال کا جائزہ لیا تاہم رینجرز اہلکاروں کے واپس جانے کے بعد فاروق ستار نے میڈ یا کو بتا یاکہ رینجرز معمول کے گشت پر تھے اور ان کی جانب سے کسی کارکن یا رہنما کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے ۔
