معاشرتی جرائم میں خاتون ہونے کی بنا پر ضمانت منظور نہیں کی جاسکتی :سپریم کورٹ
لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ نے منشیات فروش خاتون کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔سپریم کورٹ لاہوررجسٹری میں مسٹر جسٹس اعجاز احمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ملزمہ نادیہ بی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ معاشرتی جرائم میں ملزم کو خاتون ہونے کی بنیاد پر رعایت نہیں دی جاسکتی۔اس سے قبل ملزمہ کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ صدر بوریوالہ پولیس نے ملزمہ کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر رکھا ہے ،ملزمہ کی ضمانت منظور کی جائے، محکمہ پراسکیوشن کی طرف سے ریکارڈ جمع کراتے ہوئے کہا گیا کہ ملزمہ کو پولیس نے چھاپہ مار کر رنگے ہاتھوں گرفتار کیا اور اس کے قبضے سے 1300گرام منشیات برآمد کی، ملزمہ کا خاوندمحمد علی بھی منشیات فروشی کے جرم میں جیل کاٹ رہا ہے، یہ خاندان عرصہ دراز سے علاقے میں منشیات فروشی کر رہا ہے، اگر ملزمہ کو رہا کیا گیا تو یہ دوبارہ علاقے میں گھنا?نا کاروبار شروع کر دیں گے، فاضل بنچ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد منشیات فروش خاتون کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔
