سرحدچیمبر میں چھوٹے تاجروں کی معاونت کیلئے سمیڈا کے باہمی تعاون سے ڈیسک قائم
پشاور (آن لائن)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر حاجی محمد افضل نے کہا ہے کہ چیمبر ہاؤس میں چھوٹے تاجروں کی معاونت کیلئے سمیڈا کے باہمی تعاون سے ERKF ڈیسک قائم کردیاگیا ہے ۔ قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجر اس پراجیکٹ سے استفاد ہ حاصل کرنے کیلئے چیمبر میں قائم سے رابطہ کریں ۔ تاجروں اور دکانداروں کو ERKF پراجیکٹ کے تحت ہر ممکن ریلیف اور مالی معاونت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی ۔ سرحد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے ۔تمام مسائل باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن تاجران اسلام آباد چترالی بازار کے صدر عبدالرزاق اور جنرل سیکرٹری احسان کی قیادت میں آئے ہوئے تاجروں اور دکانداروں کے ایک وفد سے چیمبر ہاؤس میں ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔ چترالی بازار کے وفد نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کوچترالی وفد کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا ۔ وفد نے انہیں بتایا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے کرایہ داری فارم میں تمام ملازمین کا ڈیٹا فراہم کرنے کے باوجود تاجربرادری کو ہراساں کیا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ چترالی مصنوعات کی افغانستان ایکسپورٹ پر ری فنڈز دیا جائے تاکہ تاجروں کو ایکسپورٹ کے عمل میں سہولیات میسر آئیں ۔ انہوں نے کہاکہ ERKF پراجیکٹ میں چترالی بازار کے تاجروں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ ان تاجروں کو اپنے کاروبار کو اپ گریڈ کرنے اور فروغ دینے میں مدد مل سکے۔
۱چترالی بازار کے وفد نے سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل کو محرم الحرام کے دوران چترالی بازار سمیت اندرون شہر کے مختلف بازاروں کی بندش اور محکمہ کسٹمزاور پولیس کی جانب سے چترالی مصنوعات کی پکڑ دھکڑ سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے تاجر برادری کے تحفظات سے بھی آگاہ کیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے موثر انداز میں بات چیت کرنے کی درخواست کی ۔ سرحد چیمبر کے صدر حاجی محمد افضل نے وفد کی سفارشات اور تحفظات سے اتفاق کیا اور انہیں یقین دلایا کہ سرحد چیمبر اس سلسلے میں متعلقہ حکام سے رابطہ کرے گا اور تاجر برادری کو ہر صورت ریلیف دلایا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ سرحد چیمبر کے دروازے تاجر برادری کے کھلے ہیں اور وہ مسائل کے حل کیلئے چیمبر آکر اپنی مشکلات کا اظہار کرسکتے ہیں۔انہوں نے تاجروں اور دکانداروں کو یقین دلایا ہے کہ ERKF پراجیکٹ کے تحت قدرتی آفات اور دہشت گردی سے متاثرہ تاجروں کی بھرپور مالی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا ۔ سرحد چیمبر تاجر برادری کے مفادات کے تحفظ کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہا ہے ۔تمام مسائل باہمی افہام و تفہیم کے ساتھ حل کئے جائیں گے۔