ثانیہ مرزا کو سنسناٹی ماسٹرز ویمنز ڈبلز سیمی فائنل میں شکست

ثانیہ مرزا کو سنسناٹی ماسٹرز ویمنز ڈبلز سیمی فائنل میں شکست

واشنگٹن (آئی این پی)سٹار بھارتی کھلاڑی ثانیہ مرزا سنسناٹی ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز ڈبلز سیمی فائنل میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں، مارٹینا ہنگس پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں پہنچ گئیں۔امریکہ میں جاری ایونٹ میں گزشتہ روز کھیلے گئے ویمنز ڈبلز ایونٹ کے سیمی فائنلز میں نیکو لیسکو اور سیو وائی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثانیہ مرزا اور ان کی چینی جوڑی دار شوئی پینگ کو 6-4 اور 7-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، سوئس سٹار مارٹینا ہنگس اور چن نے بربورا سٹرائیکووا اور لوسی سفارووا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی کو زیر کر کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ویمنز سنگلز میں سیمونا ہالپ، سیلونی سٹیفنز اور کیرولینا پلسکووا پیش قدمی برقرار رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔

کوارٹر فائنلز میں سٹار رومانوی کھلاڑی ہالپ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برطانیہ کی جوہانا کونتا کو 6-4 اور 7-6 سے ہرا کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، امریکہ کی سیلونی سٹیفنز نے جرمنی کی جولیا جارجز کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، کیرولینا پلسکووا نے ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی کو شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی