شیخوپورہ میں بہت جلد کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائیگی، ظہیر عباس

شیخوپورہ میں بہت جلد کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائیگی، ظہیر عباس

لاہور (سپورٹس رپورٹر) ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے آٹھویں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کیلئے شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراؤنڈ کا جائزہ لیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کا مقبول ترین کھیل ہے اور ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، شیخوپورہ میں بہت جلد نوجوان کرکٹرز کیلئے کرکٹ اکیڈمی قائم کردی جائیگی جہاں ان کو جدید ترین سہولتوں کے ساتھ تربیت دیں گے، ہم پُرامید ہیں کہ ان اکیڈمیز سے لڑکے قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے ، تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیرانتظام لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی سربراہی میں 7 کرکٹ اکیڈمیز قائم کی جا چکی ہیں۔

جن میں 5 لڑکوں اور 2 لڑکیوں کی اکیڈمیز شامل ہیں، لڑکوں کی چھٹی اور مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کیلئے ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس پنجاب ظہیر عباس نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق، اے ڈی سی جی مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین کے ہمراہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراؤنڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گراؤنڈ کی تیاری اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہدایات جاری کیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر نوجوانوں کو کرکٹ کی بہتر تربیت دینے کیلئے کرکٹ کوچنگ اکیڈمیز قائم کی گئی ہیں،شیخوپور میں آٹھویں کرکٹ اکیڈمی بہت جلد قائم کردی جائے گی ۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی