سپورٹس راؤنڈ اَپ

سپورٹس راؤنڈ اَپ

مینز ہاکی ایشیا کپ 12 سے 22 اکتوبر تک بنگلہ دیش کھیلا جائے گا

مینز ہاکی ایشیا کپ 12 سے 22 اکتوبر تک بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔ ٹورنامنٹ میں سات ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں بنگلہ دیش، بھارت، جاپان، ملائیشیا، اومان، پاکستان اور جنوبی کوریا شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم بھارت میں ہونے والے 2018 ء ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرے گی۔

یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 28 اگست سے امریکہ میں شروع ہوگا

روس کی گولڈن گرل اور پانچ مرتبہ کی گرینڈ سلام چیمپئن ماریا شرا پووا کو رواں ماہ کے آخر میں شیڈول سال کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ کے مین ڈرا کیلئے وائلڈ کارڈ انٹری مل گئی، شرا پووا ڈوپننگ پابندی کے بعد پہلی بار کسی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں ایکشن میں دکھائی دیں گی، گزشتہ برس منعقدہ آسٹریلین اوپن کے بعد ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر شرا پووا پر 15 ماہ کی پابندی عائد کی گئی تھی جو کہ رواں سال اپریل میں ختم ہوئی تھی۔ شرا پووا نے کورٹس میں واپسی کے بعد فرنچ اوپن کے لئے وائلڈ کارڈ انٹری مانگی تھی تاہم آرگنائزرز نے انکار کر دیا تھا،جس کے بعد انہوں نے ومبلڈن اوپن میں شرکت کو ہدف بنا لیا تاہم قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور انجری مسائل کے باعث انہیں ایونٹ سے دستبرداری اختیار کرنا پڑی۔ یو ایس اوپن ٹینس حکام کا کہنا ہے کہ شرا پووا اپنی غلطی کی سز بھگت چکی ہیں اِس لئے وہ وائلڈ کارڈ انٹری کی حقدار تھیں۔ یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 28 اگست سے امریکہ میں شروع ہو گا۔

ورلڈ ٹیم سکوائش چمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم کے انتخاب کے ٹرائلز شروع

پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام ورلڈ ٹیم سکواش چمپئن شپ کیلئے قومی ٹیم کے انتحاب کے ٹرائلز22 سے26 اگست تک مصحف علی سکوائش کمپلیکس اسلام آباد میں ہوں گے۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے نائب صدر قمر زمان کے مطابق ٹرائلز میں ملک بھر کے ٹاپ12کھلاڑیوں کو مدعو کیا جائے گا جن میں سے 4 باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیم سکواش چمپئن شپ رواں سال نومبر میں فرانس میں کھیلی جائے گی جس میں دنیا بھر کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

نوجوان کرکٹرز کیلئے کرکٹ اکیڈمی قائم

کی جائے گی، ظہیر عباس

ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس بورڈ پنجاب ظہیر عباس نے آٹھویں کرکٹ اکیڈمی کے قیام کے لئے شیخوپورہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراؤنڈ کا جائزہ لیا۔اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرکٹ نوجوانوں کا مقبول ترین کھیل ہے اور ہمارے ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے ، شیخوپورہ میں بہت جلد نوجوان کرکٹرز کے لئے کرکٹ اکیڈمی قائم کردی جائے گی جہاں ان کو جدید ترین سہولتوں کے ساتھ تربیت دیں گے، ہم پُرامید ہیں کہ ان اکیڈمیز سے لڑکے قومی ٹیم کا حصہ بنیں گے، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیر انتظام لیجنڈ کرکٹر ظہیر عباس کی سربراہی میں 7 کرکٹ اکیڈمیز قائم کی جا چکی ہیں جن میں 5 لڑکوں اور 2 لڑکیوں کی اکیڈمیز شامل ہیں، لڑکوں کی چھٹی اور مجموعی طور پر آٹھویں کرکٹ اکیڈمیز کے قیام کے لئے ہیڈ آف کرکٹ اکیڈمیز سپورٹس پنجاب ظہیر عباس نے جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ارقم طارق، اے ڈی سی جی مشتاق ٹوانہ، اسسٹنٹ کمشنر شبیر حسین کے ہمراہ کرکٹ سٹیڈیم کا دورہ کرکے گراؤنڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہوں نے گراؤنڈ کی تیاری اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے انتظامیہ سے تبادلہ خیال کیا اور انہیں ہدایات جاری کیں۔

پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کا اعلان کردیا

پاکستان کی ڈویلپمنٹ اسکواڈ ہاکی ٹیم عمان کی ٹیم کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ سیریز 9-15ستمبر تک مسقط میں منعقد ہو گی۔ سیریز کی تیاریوں کے لئے قومی ہاکی فیڈریشن نے ہاکی پلیئرز کا 20اگست سے تربیتی کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔20اگست کو کیمپ میں کھلاڑی رپورٹ کریں گے اور 21اگست کو ٹریننگ کا باقاعدہ آغاز ہوگا ۔کیمپ میں شرکت کے لئے پی ایچ ایف نے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا جن میں گول کیپرز حافظ علی عمیر ،علی رضا ،عمر زمان فل بیکس میں اسد عزیز ،شاہ فیصل ،قاضی اسفند یار ،زاہد اللہ ، مبشر علی ،سہیل منظور ،ہالوز میں فیضان حسن تعظیم الحسن ،علی رضا ،ایم عثمان ،تیمور ملک ،فارورڈز میں محسن صابر ،رانا سہیل ،سمیع اللہ ،ایم نوید ،محمد رضوان ،اویس الرحمان ،ایم عمر حامدی ،محمد عامر ،اکبر علی ، عبدالجبار ،شاہ جی احمد ،شان ارشد ،ایم عتیق ارشد ، ایم ایوب علی اور کرم خان شامل ہیں

ورلڈ جوڈو چمپئن شپ میں شرکت

کے لئے قومی ٹیم روانہ

قومی ٹیم ورلڈ جوڈو چمپئن شپ میں شرکت کے لئے25اگست کو ہنگری روانہ ہو گی۔پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا کوآرڈینیٹر مسعود احمد خان کے مطابق چمپئن شپ 26اگست سے3 ستمبر تک ہنگری میں کھیلی جائے گی جس میں دو کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔جس میں قیصر خان اور ندیم اکرم شامل ہیں۔ میڈیا کوآرڈینیٹر مسعود احمد خان نے کہا کہ میگا ایونٹ میں دنیا بھر کے80 ممالک کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ فیڈرشن نے ایونٹ کے لئے باصلاحیت کھلاڑیوں کا انتحاب کیا ٗ ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے۔ امید رکھتے ہیں قومی کھلاڑی ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

مزید : ایڈیشن 1