الیکشن کمیشن شریف خاندان کی ذاتی خدمت کر رہا ہے،ڈاکٹر یاسمین راشد
لاہور(لیڈی رپورٹر) تحریک انصاف کی این اے 120سے امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد نے یوسی 51کریم پارک میں ڈور ٹو ڈور کیمپین کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ میں ایک عام خاتون ہوں محنت کر کے پر و فیسر بنی اگر میں کلینک پر کام کروں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں میرا باہر نکلنا عمران خان کا پیغام ہے عمران خان عام عوام کے لئے کام کرنا چاہتے ہے میں ایک عرصہ سے سڑکوں پر عوامی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہوں ، چھوٹے اور بڑے میاں میں کچھ اختلافات ہے الیکشن کمیشن شریف خاندان کی پرسنل خدمت کر رہا ہے میری سیکورٹی اللہ کے بعد عوام ہے ،ووٹر لسٹوں میں بڑے پیمانے پر گڑبڑ کی گئی ہے ، کلثوم نواز نے اپنے اثاثے چھپائے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی(ن) لیگ کو اس بار دھاندلی نہیں کرنے دے گی ، عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہے ،عمران خان چاہتے ہے کہ ہر شہری کو صحت اورتعلیم کی سہولتیں میسر ہوں ،عوام کی جان و مال کا تحفظ ہو پولیس کی دہشت گردی سے عوام کو نجات ملے۔کمپین کے ہمراہ اصغر گجر ،رانا وسیم ، قاری شمشاد ، ملک نسیم اکبر، شیر اکبر ، رانا اختر حسین، امجد غفاری ، وسیم عباسی ، بلال سمیت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے ۔