این اے 120میں پی ٹی آئی کی بھرپور مہم جاری ہے،جمشید چیمہ

این اے 120میں پی ٹی آئی کی بھرپور مہم جاری ہے،جمشید چیمہ

لاہور( نمائندہ خصوصی)تحریک انصاف وسطی پنجاب کے سینئر نائب صدر جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ (ن) لیگ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی ناؤ کو بچانے کیلئے این اے 120کے عوامی مینڈیٹ میں نقب لگانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے،نواز شریف یہ تاثر دے رہے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے ملک میں دودھ اور شہد کی نہریں بہہ رہی تھیں جو انہیں وزارت عظمیٰ سے ہٹانے سے یکدم خشک ہو گئی ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف خود کو ہی ریاست ،حکومت ، آئین و قانون، جمہوریت اور استحکام سمجھتے ہیں اور یہی رویہ ملک کو تباہی کی طرف لیجانے کا باعث بنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا فیصلہ تسلیم کرنے کی بجائے مزاحمت کے معاملے پرمسلم لیگ (ن) میں واضح تقسیم ہے اور سنجیدہ رہنما بار بار کہہ رہے ہیں کہ ذاتی اناء کیلئے ملک کو تباہی کی طرف نہ دھکیلا جائے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہاکہ پی ٹی آئی حلقہ این اے 120میں اپنی بھرپور انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور عوام ہمیں خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ پانامہ فیصلے کے بعد (ن) لیگ اپنی ڈوبتی ہوئی سیاسی ناؤ کو بچانے کیلئے کسی بھی صور ت لاہور کے ضمنی انتخاب کو جیتنا چاہتی ہے اور اس کیلئے عوام کے ووٹوں پر ڈاکہ ڈالنے اور عوامی مینڈیٹ میں نقب لگانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1