سمن آباد،گٹر کی صفائی کرتے نامعلوم ورکر کی پراسرار ہلاکت
لاہور(خبر نگار)سمن آباد کے علاقہ میں 40سالہ شخص کھلے مین ہول میں گر کر ہلاک ہو گیا، تاہم پولیس نے واقعہ کو پراسرار ہلاکت قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہ ہونے پر نعش مردہ خانے جمع کروادی ہے۔تفصیلات کے مطابق سمن آباد کے علاقہ میں کھلے مین ہول میں نامعلوم شخص کی نعش دیکھ کر راہگیروں نے پولیس کو اطلاع دی،پولیس کے مطابق محلے داروں کا کہنا متوفی علاقہ میں گٹر صاف کرتا تھا،شبہ ہے کہ اسکی موت صفائی کے دوران زہریلی گیس چڑھنے کے باعث ہوئی ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ ورثاء کی تلاش کا عمل جاری ہے۔