جوہر ٹاؤن : شوہر کو قتل کروانے والی خاتون کو قاتل آشنانے مار ڈالا ، دوہرے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

جوہر ٹاؤن : شوہر کو قتل کروانے والی خاتون کو قاتل آشنانے مار ڈالا ، دوہرے قتل ...
 جوہر ٹاؤن : شوہر کو قتل کروانے والی خاتون کو قاتل آشنانے مار ڈالا ، دوہرے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

  

لاہور ( خبر نگار) جوہر ٹاؤن کے علاقے میں آشناکی مدد سے خاوند کو پھندا دیکر قتل کرنے والی خاتون کو آشنا نے پھندا دے کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے خاتون کی مسخ شدہ لاش گندے نالے سے برآمد کرلی۔نعش پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے میں جمع کروا دی گئی ۔

سی آئی اے پولیس ماڈل ٹاؤن کے مطابق جلو پنڈ کی رہائشی 35سالہ خاتون سائرہ بیوٹی پارلر چلاتی اور اور بطور فیزیو تھراپسٹ خدمات سر انجام دیتی تھی۔ سائرہ نے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لے لی تھی اور اس کے پہلے خاوند سے 4 بیٹے ہیں۔ اسی دوران سائرہ روز گار کے لئے دوبئی چلی گئی جہاں اس کی کراچی کے رہائشی عمران سے دوستی ہوگئی ،بتایا گیا ہے کہ سائرہ اور عمران نے آپس میں نکاح کر لیا تھا۔خاوند عمران نے سائرہ کو جوہر ٹاؤن کے علاقے میں کرائے پر گھر لے کر دیا ۔ذرائع کے مطابق عمران اور سائرہ یکم جولائی کی رات گھر میں شراب نوشی کر رہے تھے، اس دوران سائرہ نے اپنے آشنا رکشہ ڈرائیور اسد کو بلوایا اور اپنے دوسرے خاوند عمران کو نشہ کی حالت میں گلے میں پھندا ڈال کر موت کے گھاٹ اتار دیااور لاش کو چادر میں لپیٹ کر ٹاؤن شپ کے علاقے چاندنی چوک کے قریب گندے نالے میں پھینک دیا ۔ عمران کے لاپتہ ہونے پر اس کے بھائی عدنان نے تھانہ جوہر ٹاؤن میں اپنے بھائی کے اغوا کی درخواست دی۔

بعد ازاں 7جولائی کو عمران کے اغوا کا مقدمہ اس کے بھائی عدنان کی مدعیت میں سائرہ کے خلاف درج کرلیاگیا تو سائرہ بھی اچانک لاپتہ ہو گئی۔ بتایا گیا ہے کہ سائرہ نے اپنے آشنا رکشہ ڈرائیور اسد کو اپنے گھر بلوا کر شراب پلا ئی اور اسے بھی قتل کرنے کی کوشش کی مگر اسد نے سائرہ کو قتل کرکے لاش کو اسی چادر میں لپیٹ کر کوٹ لکھپت کے علاقے گجر کالونی دیہاتاں پنڈ کے قریب گندے نالے میں پھینک دیا۔ جوہر ٹاؤن پولیس دونوں میاں بیوی کے اغواء اور قتل کے اصل محرکات سامنے لانے میں ناکام رہی۔ سی آئی اے ماڈل ٹاؤن پولیس کے انسپکٹر مبین بٹ نے شک کی بناء پر ملزم اسد رکشہ ڈرائیور کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو ملزم نے تمام حالات سے سی آئی اے پولیس کو آگاہ کیا جس پر سی آئی اے پولیس ماڈل ٹاؤن نے خاتون سائرہ کی مسخ شدہ لاش کو گندے نالے سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا ہے ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ سائرہ کے گھر والوں کو اطلاع کر دی گئی ہے مزید کارروائی ان کے آنے پر کی جائے گی جبکہ تاحال مقتول مغوی عمران کی لاش پولیس کا نہ مل سکی ہے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول عمران کی لاش کی تلاش جاری ہے جلد ہی لاش کو تلاش کرلیا جائے گا ۔ڈی ایس پی ملک داؤد کا کہنا ہے کہ مقتولہ سائرہ فیزیو تھراپسٹ اور بیوٹی پارلر کا کام کرتی تھی ملزم اسد کو اپنا منہ بولا بھائی کہتی تھی مگر ملزم اسد اس کا آشنا ہے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے مزید انکشافات کی توقع ہے ۔

مزید : علاقائی