وزیر اعظم سے امریکی کمانڈر جنرل جوزف کی ملاقات،افغانستان ، کشمیر کی صورتحال پر تشویش ہے، شاہد خاقان

وزیر اعظم سے امریکی کمانڈر جنرل جوزف کی ملاقات،افغانستان ، کشمیر کی صورتحال ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں داعش کی موجودگی سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان کے مفاد میں ہے ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے یہ بات امریکی سینٹرل کمانڈر جنرل جوزف ایل ووٹیل سے ملاقات کے دوران کہی ۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف ، وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان ، وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ اور سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ، وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان افغان عوام کیلئے اپنے تعاون بارے پرعزم ہے۔ تین دہائیوں سے زائد عرصہ سے 50لاکھ افغان مہاجرین کی یہاں موجودگی سمیت دہائیوں سے جاری تعاون اسکا ثبوت ہے ۔ پاکستان ، افغان حکومت اور معاشرے کے ساتھ افغان طلباء کے لئے سکالر شپس اور انفراسٹرکچر کی ترقی سمیت مختلف طریقوں سے تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ جنرل ووٹیل نے زور دیا کہ افغانستان میں امن اور سلامتی کے مقاصد کے حصول کیلئے پاکستان کی بہت اہمیت ہے اورامریکہ ،پاکستان کو اس ضمن میں بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی جاری کوششوں کی بھرپور تعریف کی۔ وزیر اعظم نے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں ناقابل قبول انسانی حقوق کی صورتحال کا بھی حوالہ دیا جہاں بھارتی افواج ان بے گناہ کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے موجود ہیں جو صرف اپنے حق خود ارادیت کے حصول کامطالبہ کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے علاقائی تشویش کے مسائل کو حل کرنے کیلئے مل کر کا م کرنے کی اہمیت کے حوالے سے جنرل ووٹیل سے اتفاق کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کی طرف سے جنوبی ایشیاء کے جائزہ میں دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں اور افغانستان کے امن اور سلامتی کیلئے اس کے عزم کو بھی شامل کیا جائے۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کیلئے افغانستان میں امن استحکام بہت اہم ہے پاکستان نے اس تنازعے اور دہشتگردی سے بھاری نقصان اٹھایا ہے پاکستانی افغان عوام کی مکمل حمایت اور مدد کر رہا ہے اس تناطر میں لاکھوں افغان مہاجرین کی پاکستان میں دیکھ بھال بھی کی جا رہی ہے پاکستان ہمیشہ سے افغانستان میں قیام امن کیلئے پرعزم رہا ہے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے ناقابل قبول صورت حال پیدا کر دی ہے اور بھارت نے کشمیر میں لاکھوں فوج چھوڑ کر کشمیریوں پر اپنا تسلط قائم کر رکھا ہے جنرل وٹل نے مسائل کے حل کیلئے باہمی کوششوں کو بڑھانے پر اتفاق کیا ۔
وزیر اعظم۔ امریکہ

مزید :

صفحہ اول -