جسٹس آصف سعید کھوسہ اور عدلیہ کیخلاف نواز لیگ کی مہم جوئی شرمناک ہے : ق لیگ

جسٹس آصف سعید کھوسہ اور عدلیہ کیخلاف نواز لیگ کی مہم جوئی شرمناک ہے : ق لیگ

لاہور(اے این این) مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی اور طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے جسٹس آصف سعید کھوسہ ایماندار اور بے خوف تاریخی فیصلے کرنیوالے نڈر جج ہیں، پوری قوم کو سپریم کورٹ کے تاریخ ساز فیصلہ پر فخر ہے، عدلیہ کیخلاف مسلم لیگ ن کی مہم نہایت شرمناک ہے، ہر محب وطن پاکستانی سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑا ہے۔ گزشتہ روزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنیوالے وکلاء سے گفتگومیں ق لیگ کے قائدین نے کا کہنا تھا نوازلیگ کی عدلیہ کیخلاف مہم پر تشویش ہے ، ہم مسلم لیگیوں کو اکٹھا کرنے کے مشن پر ہیں، اس سلسلے میں کراچی کا دورہ کامیاب رہا اور متعدد نظریاتی مسلم لیگی رہنما پارٹی میں شامل ہوئے، اسوقت 20 مسلم لیگیں ہیں کوشش ہے سب کو ایل پلیٹ فارم پر متحد کر لیں، وکلا برادری سے بھی یہی اپیل ہے کہ وہ اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ سپریم کورٹ کے تمام ججوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے جسے قوم نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے مگر نواز لیگ نے نہایت شرمناک اور افسوسناک کام کیا ہے ۔ ق لیگ میں شامل ہونیوالے وکلا کو خوش آمدید کہتے ہیں ،اس موقع پر سینئر ایڈووکیٹ عارف چودھری اور جہانگیر اے جھوجھہ ، رافع خان، نادر دوگل، رانا اسد منیر اور ناصر رمضان گجر نے بھی اظہار خیال کیا اور شمولیت اختیار کرنیوالوں کو خوش آمدید کہا ،ق لیگ میں شامل ہونیوالے وکلا میں اختر تارڑ ، ارشد وڑائچ ، عارف چودھری ، چودھری تنویر وسیر ، زاہد مرتضیٰ ، خالد سہیل، ساجد حسین، سلیم شہزاد، مجتبیٰ کاظمی، حسن امان، رانا جواد حسین، قیصر زاہد، مرزا رفاقت، محمد ناشر، رانا قربان، آغا اسامہ، عظمت ضیا سندھو، محمد رفیق گجر، مجاہد احمد خان، نسیم رانا، رانا جواد حسین، ساجد حسین، فیصل جاوید، عامر بشیر، سلیم شہزاد چودھری کرامت (یوکے) بھی شامل ہیں۔

مزید : صفحہ اول