سی پیک تجارت کے فروغ میں کردار ادا کریگا

سی پیک تجارت کے فروغ میں کردار ادا کریگا

راولپنڈی(صباح نیوز) چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک)کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے کہ سی پیک ایک قومی منصوبہ ہے، یہ علاقائی تجارت و تعلقات کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کرے گا، سی پیک کی تکمیل سے پاکستان کاروباری سرگرمیوں کا مرکز بن جائے گا، نئے کارخانے لگیں گے جس سے بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ان خیالا ت کا اظہار سینیٹر مشاہد حسین سید نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت صدر چیمبر راجہ عامر اقبال نے کی جبکہ سابق صدر ڈاکٹر شمائیل داد بھی ان کے ہمراہ تھے۔سینیٹر مشاہد حسین نے کہا کہ چیمبرز اور تاجر برادری خاص طور پر نجی شعبے کو آگے آنا ہوگا اور سی پیک کی تکمیل میں اپنا مرکزی کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر راولپنڈی چیمبر راجہ عامر اقبال نے اس موقع پر کہا کہ راولپنڈی چیمبر اوورسیز چائنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے اشتراک سے سی پیک منصوبے کے حوالے سے بیجنگ چین میں ایک انٹرنیشنل کانفرنس منعقد کرے گا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی چین کی سو کمپنیوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ کانفرنس کا مقصد دو طرفہ تجارت کے فروغ اور مشترکہ منصوبوں کے لیے کاروباری مواقع تلاش کرنا ہے۔انہوں نے کہا سی پیک کے صنعتی زونز میں چینی کمپنیوں کے ساتھ مل کرمنصوبے اور کارخانے لگانے پڑیں گے تاکہ مقامی صنعت کو تحفط مل سکے۔ انہوں نے چیمبر کی جاری سرگرمیوں پر ایک مختصر بریفنگ بھی دی۔

مزید : کراچی صفحہ اول