کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست کو پیسے کا کھیل بنا دیا ہے :محمد عاطف
پشاور( سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل اورصوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ کرپشن تمام مسائل کی جڑ ہے ۔کرپٹ سیاستدانوں نے سیاست کو پیسے کا کھیل بنا دیا ہے ۔وہ کروڑوں روپے لگا کر آتے ہیں اور قوم کے اربوں اور کھربوں لوٹ کر بیرونی ممالک میں حفیہ اکاؤنٹس میں منتقل کر دیتے ہیں ۔تاہم اب ان کا کھیل ختم ہوچکا ایک چور کی تلاشی جاری ہے جبکہ مزید کی باری جلد لگنے والی ہے ۔اگلے الیکشن میں عمران خان کی کامیابی یقینی ہے اور وزیر اعظم بننے کے بعد عمران خان لٹیروں سے لوٹی گئی قومی دولت کی پائی پائی وصول کرکے قوم کی فلاح وبہبود پر خرچ کریں گے۔وہ اسلام آباد کورونہ بالاگڑھی میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت حاجی تاج گل استاد نے کی اور اس سے ڈسٹرکٹ کونسلرز ایاز باچہ اور شیر بہادرخان ،تحصیل کونسلر زحاجی سلطان محمود ،سمیع اللہ اور مولانا امین جان استاذ نے بھی خطاب کیا ۔اس موقع پر علاقے کے درجنوں معززین نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کرپی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ عاطف خان نے کہا کہ یونین کونسل بالاگڑھی اور اس علاقے میں کافی ترقیاتی کام مکمل کیے گئے ہیں اور مزید کام بھی کیے جائیں گے کیونکہ ترقیاتی کام عوام کا حق ہے اور یہ ان پر کسی کا احسان نہیں ۔ماضی میں اس حلقے کو بری طرح نظر انداز کیا گیا لیکن ہماری حکومت اس حلقے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے ہیں ۔تاہم اگر نظام درست نہ ہو تو ترقیاتی کاموں کے فوائد سے عوام استفادہ نہیں کرسکتے ۔عاطف خان نے کہا کہ چند سال پہلے پورے صوبے اور باالخصوص اس علاقے میں امن وامان کی صورتحال ناگفتہ بہہ تھی غریب شہری جرائم پیشہ افراد کے رحم وکرم پر تھے اس کی وجہ یہ تھی کہ اس وقت کے حکمرانوں نے پولیس کو ذاتی غلام بنا رکھا تھا جو ان کی ایما پر جرائم پیشہ اور سماج دشمن عناصر کی سرپرستی کرتے تھے اسی طرح پٹواریوں نے عوام کا جینا دوبھر کیا تھا کیونکہ ان حکمرانوں کے گھر کے کچن اور حجروں کے اخراجات تھانیدار اور پٹواری اُٹھاتے تھے ۔لیکن پی ٹی آئی نے پولیس اور پٹوا رسسٹم میں اصلاحات کرکے اس کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیا اور ان کو اختیارات دیئے جس کے نتیجے میں پولیس غریب عوام کی محافظ بن گئی ہے پٹوارکا نظام بھی کافی حد تک بہتر ہوا ہے اور اس میں مزیداصلاحات کیے جارہے ہیں ۔سرکاری محکموں سے کرپشن ابھی سوفیصد ختم نہیں ہوئی لیکن اس کے خاتمے کی کوشش جاری ہے جس میں ہمیں عوام کی تائید کی ضرورت ہے ۔عاطف خان نے اس موقع پر علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ بھی کیا اور عوامی شکایت پر ناْص میٹریل کے استعمال پر ٹھیکیدار کے خلاف ایکشن لینے کاحکم دیا ۔