اہلیان صوابی کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائینگے :عاقب اللہ

اہلیان صوابی کے حقوق کیلئے ہر فورم پر آواز اٹھائینگے :عاقب اللہ

صوابی ( بیورورپورٹ )پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی عاقب اللہ خان نے کہا ہے کہNA-13 ضلع صوابی کو گیس کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے طے شدہ فارمولہ کے مطابق اپنے حصہ کا فنڈدینے اور پشاور ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجودوزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اورمحکمہ سوئی گیس کے حکام ضلع صوابی کے عوام کو گیس کی فراہمی سے محروم رکھنے کی سازشوں پر عمل پیرا ہیں۔مسلم لیگ (ن) کی قیادت غیر منتخب لوگوں کے ذریعے NA-13 میں گیس فراہمی کی راہ میں جورکاؤٹیں پیدا کر رہی ہے اسے صوابی کی عوام کسی طور کامیاب نہیں ہونے دے گی۔پاکستان تحریک انصاف صوابی کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرنے کے لئے ہر فورم پر بھرپورآواز اٹھائے گی۔قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام اور محکمہ سوئی گیس کے خلاف تحریک استحقاق پیش کرنے کے علاوہ عدالت سے رجوع کرکے توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی جائے گی۔ایم این اے عاقب اللہ خان ہفتے کے روز تحصیل ناظم ٹوپی سہیل یوسفزئی اورتحصیل ناظم سہیل تورڈھیر کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہو ئے انھوں نے ان خیالات کا اظہار کیا۔اس موقع پر عاقب اللہ خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت روزاول سے بجلی اور گیس کی فراہمی کیلئے وفاق سے مطالبہ کرتی رہی ہے اورصوبائی خزانے سے فنڈزفراہم کرنے کی یقین دہانی کے باوجود وفاقی اداروں نے سیاسی اختلاف کی بنیاد پر ہمیشہ عدم تعاون کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کے عوام کا حق حاصل کرنے کے لئے مجبوراًہمیں عدالت سے رجوع کرنا پڑا اوربالاخر پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے NA-13کی تمام یونین کونسلوں کو گیس کی فراہمی کاتاریخی فیصلہ صوابی کے عوام کے حق میں دیتے ہوئے محکمہ سوئی گیس کو گیس کی فراہمی کے فوری احکامات جاری کئے۔ عاقب اللہ خان نے کہا کہ سیا سی مخالفین کوصوابی کے عوام اور پاکستان تحریک انصاف کی یہ کامیابی کسی صورت ہضم نہیں ہو پارہی اور دوسری جانب صوبے میں حکومت کی کارکردگی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر آئے روزمسلم لیگ (ن) کے حواری غیر منتخب اور اپنے مقامی رہنماؤں جو کسی گنتی میں شما ر نہیں ہوتے کے ذریعے گیس کی فراہمی کیخلاف جھوٹاپراپیگنڈاکرکے صوابی کے عوام کو ورغلانے کی بے سود کوششوں میں لگے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صوابی کے عوام اس امر سے بخوبی واقف ہیں کہ سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے صوابی کے عوام کا احساس محرومی کا خاتمہ کرنے اورانہیں ان کے بنیادی حقوق دلانے اور صوابی کو صوبے کا ماڈل ضلع بنانے کے لئے جوانقلابی اقدامات کئے ہیں اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملے گی۔عاقب اللہ خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست ہمیشہ ذاتی مفادات پر مبنی رہی ہے جو عوام بخوبی جانتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوابی کو گیس کی فراہمی کے لئے ہماری جدوجہد کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور اب وزیر اعظم کے مشیر اور ان کے کارندے انگلی کٹوا کر شہیدوں میں نام لکھوانا چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ صوابی کو گیس کی فراہمی کا وعدہ ہم نے انتخابات میں یہاں کے عوام سے کیا تھا جو ہم نے پورا کردیا اور آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ صوابی کی عوام ایک مرتبہ پھر اپنے اعتماد کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو ہی منتخب کرے گی۔#

مزید : کراچی صفحہ اول