پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت اس صوبے کی عوام پر عیاں ہو چکی ہے :اسد قیصر

پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت اس صوبے کی عوام پر عیاں ہو چکی ہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( سٹاف رپورٹر)سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ جب بھی الیکشن کا وقت قریب آتا ہے تو اے این پی کو صوابی کے عوام کی یاد ستانے لگتی ہے۔لیکن پختونوں کے حقوق کی راگ الاپنے والوں کی حقیقت اس صوبے کی عوام پر عیاں ہوچکی ہے اور اب وہ مزید ان کے بہکاوے میں نہیں آئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے موضع کوٹھا ضلع صوابی میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کوٹھا ضلع صوابی کے لال بہادر خان نے اے ا ین پی سے مستعفی ہو کراپنے خاندان ،عزیز واقارب اور رفقاء کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔سپیکر اسد قیصر نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے نئے ساتھیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت سے نہ صرف پارٹی مزید مضبوط ہوگی بلکہ علاقے کی ترقی و خوشحالی اور یہاں کے عوام کے مسائل حل کرنے میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔تقریب سے اپنے خطاب میں اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی عوام دوست پالیسیوں اور ان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی بدولت آج دیگر جماعتوں کے لوگ بھی اس تحریک کا حصہ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں میں مختلف سیاسی جماعتوں نے ووٹ لے کر صرف اقتدا کے مزے لوٹے،لیکن پاکستان تحریک انصاف نے عمران خان کی قیادت میں اس قوم کوترقی اور خوشحالی کی ایک نئی سمت کی جانب گامزن کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جس سے صوبے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔اسد قیصر نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اپنے دور حکومت میں صوابی سمیت صوبے کے دیگر پسماندہ علاقوں کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی اور عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھلا کر صرف اپنی جیبیں بھریں۔ انہوں نے کہا کہ صوابی میں وومن یونیورسٹی ،گجوخان میڈیکل کالج کے قیام ،صوابی سپورٹس کمپلیکس اور کنڈل ڈیم کی تعمیر سمیت دیگر کئی بڑے منصوبوں پر خطیر رقم خرچ کی جا رہی ہے۔سپیکر نے کہا کہ صوابی کے تمام علاقوں کو گیس کی فراہمی کے وعدے کو بھی پورا کر دیا گیا ہے اور بہت جلد NA-13 کی تمام یونین کونسلوں کو گیس کی فراہمی پر فوری کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کرنل شیر خان انٹر چینج پر انڈسٹریل زون کے قیام اور نبی میں ائیر فورس کے تعاون سے کیڈٹ کالج،500 بستروں کے ہسپتال کی تعمیر سے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ روزگارکے بھرپور مواقع میسر آنے کے ساتھ صوابی کی معاشی ترقی و خوشحالی کا خواب بھی پورا ہوگا۔